سینئیر سیاستدان، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر حاصل بزنجو کے انتقال پر اظہار افسوس کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
قرار داد میں میر حاصل بزنجو کو ان کی جمہوریت کے لیے سیاسی جہدوجہد پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ نون کی رکنِ پنجاب اسمبلی ربیعہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ میر حاصل بزنجو کے انتقال سے ملک ایک بہادر، سچے اور محب وطن شخص سے محروم ہو گیا ہے۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ حاصل بزنجو نے اپنی پوری زندگی جمہوریت اور پسے ہوئے طبقات کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے گزاری۔
………………………..
نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کی میت کراچی سے بلوچستان کے لیے روانہ کردی گئی۔
سینیٹر میر حاصل بزنجو کی میت صبح سویرے نیشنل اسٹیڈیم پر واقعے نجی اسپتال سے ایدھی سرد خانے منتقل کی گئی جہاں پر سینیٹر حاصل بزنجو کی میت کو غسل دیا گیا جس کے بعد میت کو بلوچستان روانہ کیا گیا۔
میر حاصل بزنجو کی ان کے آبائی علاقے میں نماز جنازہ کی ادا ئیگی کے بعد تدفین کی جائے گی۔
گزشتہ روز سینیٹر حاصل بزنجو پھیپڑوں کے سرطان کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔













