وزیراعظم نے عاصم باجوہ کا استعفیٰ قبول نہیں کیا

0
788

وزیراعظم عمران خان نے جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا استعفیٰ قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع وزیراعظم ہاؤس کے مطابق معاون خصوصی لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے آج وزیر اعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ پیش کیا جو وزیر اعظم نے قبول نہیں کیا ۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے جو ثبوت اور وضاحت پیش کی گئی ہے وہ اس سے مطمئن ہیں لہذا وزیر اعظم نے انہیں بطور معاون خصوصی کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور معاون خصوصی اطلاعات لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ایک عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

عاصم سلیم باجوہ نے بیرون ملک کاروبار اور جائیداد سے متعلق اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے انکار کرتے ہوئے گزشتہ روز کہا کہ بطور معاون خصوصی 22جون 2020ء کو اثاثے ڈکلیئر کئے تھے۔

اہلیہ نے یکم جون 2020ء کو بیرون ملک تمام سرمایہ کاری ختم کردی تھی، یہ درست ہے میرے ایک بیٹے کے نام پر موچی کاڈ وینرکمپنی موجود ہے، میرے پانچ بھائیوں اور اہلیہ کی کل کیش سرمایہ کاری 54؍ ہزار امریکی ڈالر تھی۔

بھائی اور بیٹوں کے نام رجسٹرڈ کمپنیز نے سی پیک کا کوئی ٹھیکے نہیں لیا ، اللّٰہ کا شکر ہے میرے اور اہل خانہ کے خلاف الزامات کی کوشش نے نقاب ہوئی ، ’باجکو گلوبل مینجمنٹ کی پاپا جونز پیزا چین میں کوئی ملکیتی مفاد نہیں۔

عاصم باجوہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر 4 صفحات پر مشتمل تردیدی بیان جاری کیا۔ اپنے بیان میں عاصم باجوہ نے کہا کہ میں نے عزت، وقار کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ہے اور کرتا رہوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی، میں خود پر اپنی فیملی پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں

SHARE

LEAVE A REPLY