وزیراعظم عمران خان کا کراچی کیلئے 11 سو ارب روپے کے پیکج کا اعلان

0
1007

وزیراعظم عمران خان نے کراچی کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے 11 سو ارب روپے کے پیکج کا اعلان کردیا جس میں وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں تعاون کریں گی۔

وزیراعظم عمران خان آج ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی کے اہم دورے پر پہنچ گئے جہاں گورنر سندھ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر اطلاعات شبلی فراز اور عامر محمود کیانی بھی کراچی پہنچے۔

دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی سربراہی میں کراچی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں وفاقی وزرا اسد عمر، شبلی فراز، علی زیدی، امین الحق، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شریک ہیں۔

کراچی پہنچنے کے فوراً بعد وزیراعظم نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے شہر کا فضائی جائزہ لیا، اس کے علاوہ وہ آج کاروباری شخصیات سے ملاقات اور کراچی اسٹاک ایکسچینج کا دورہ بھی کریں گے۔

دفتر وزیراعظم کے مطابق کراچی میں گورنر سندھ، وزیر اعلی، اراکین صوبائی اسمبلی اور کاروباری شخصیات بھی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گی اور انہیں کراچی کی حالیہ صورتحال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔

قبل ازیں دورے کے بارے میں ایک ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ ‘وزیراعظم عمران خان آج کراچی کی قسمت بدلنے کے لیے تاریخی پیکج کا اعلان کریں گے’ جو کراچی سمیت سندھ بھر کی عوام کی تقدیر بدل دے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کسی قسم کی سیاست نہیں ہونی چاہیے وفاقی حکومت اس عزم کے ساتھ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔

وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کراچی کی رونقیں اور بطور صنعتی شہر حقیقی شناخت بحال کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کے مسائل ہمارے مسائل ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ کراچی کے عوام کوسندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑسکتے جنہوں نے 12 سالہ طویل اقتدار میں شہر قائد کو تباہ کیا۔

اس سلسلے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹ میں بتایا کہ آج کراچی کے لیے ایک بڑا دن اور ایک نئے دور کا آغاز ہے، وزیراعظم کراچی کو اس کی خوبصورتی، روشنیاں اور وقار لوٹانے کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھا وزیراعظم آج شہر کو اس مافیا سے نجات دلانے جارہے ہیں جس نے کراچی کی قسمت میں گندا پانی، کچرا، قبضہ مافیا اور بدترین ٹرانسپورٹ کا نظام لکھ رکھا ہے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ میری حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر فوری طور پر کراچی کے 3 بڑے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے

ان میں شہر بھر کے نالوں کی مکمل صفائی، آبی گزرگاہوں کی راہ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات سے نمٹنا، کوڑا کرکٹ اور نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل تلاش کرنا اور کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی جیسے بنیادی اور اہم ترین مسئلے کا حل شامل ہے۔

شیباز شریف سیاست کر کے واپس چلے گئے، اسد عمر
کراچی کے مختلف مسائل پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کراچی اس وقت سیاست نہیں سننا چاہتا بلکہ زمینی کام دیکھنا چاہتا ہے۔

لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اب یہ صورتحال پیدا ہوگئی ہے کہ سنجیدگی سے اس آپشن کو دیکھا جائے کہ کیا حکومت کو کے الیکٹرک کی ذمہ داری خود لینی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو احکامات جاری کیے ہیں اس میں ایک یہ بھی ہے کہ اگر کے الیکٹرک کے لائسنس میں ترمیم کی ضرورت ہے تو کی جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل اس لیے زیادہ ہیں کہ شہر کا مجموعی اختیار کسی ایک کے پاس نہیں ہے، اس لیے (آج کے دورے میں) مختلف یہ ہے کہ کراچی کے تمام ارباب اختیار وہ مشترکہ طور پر ذمہ داری اٹھاتے ہوئے مل کر کام کرنے کا عزم کررہے ہیں۔

اور اگر تمام شرکا خلوص نیت کے ساتھ باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوگئے تو کئی برسوں سے لاحق مسائل پر قابو پایا جاسکے گا اور کراچی کے عوام کو ان کا حق بھی ملے گا۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ کراچی کے بنیادی مسائل حل ہوں گے تو نئی بات ہو گی کیوں کہ شہر کو سرکلر ریلوے، پانی اور تجاوزات کے مسائل حل ہونےکی ضرورت ہے۔

شہباز شریف کے دورے کے بارے میں اسد عمر نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ انہیں کراچی کا خیال تو آیا، وہ کراچی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بجائے زرداری صاحب کے پاس گئے، وہ تو سیاست کر کے واپس چلے گئے۔

SHARE

LEAVE A REPLY