مترجم ٗ افسانہ نگار ٗ نقاد ٗ شاعر مصنف اور ہر دلعزیز استاد پروفیسر خالد سعید
إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُون
الفاظ و صوت و رنگ و تصور کے روپ میں
زندہ ہیں لوگ آج بھی مرنے کے باوجود
(سید فخرالدین بلے)
ملتان (ظفر معین بلے جعفری) ممتاز مترجم ٗ افسانہ نگار ٗ شاعر اور ہردلعزیز استاد پروفیسر خالد سعید اپنے ہزاروں مداحوں اور شاگردوں کو سوگوار چھوڑ کر اس جہان فانی سے آج بروز ہفتہ تیس۔ 30۔ اپریل ۔2022۔ رخصت ہوگۓ۔ ایمرسن کالج ملتان کے سابق صدر شعبہ ٕ نفسیات اور بہاٶالدین ذکریا یونیورسٹی کے شعبہ ٕ نفسیات کے ہردلعزیز استاد محترم پروفیسر خالد سعید صاحب گزشتہ چند برسوں سے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ چند روز سے ان کی طبیعت زیادہ خراب تھی۔آج صبح ملتان میں انتقال فرماگۓ۔ پروفیسر خالد سعید کا شمار اردو ادب کی متحرک اور معروف شخصیات میں ہوتا ہے اور وہ معنی کا پڑاٶ ۔ نیلی شام ۔ سوال کے ہاتھ ۔ حلقہ ٕ زنجیر میں زباں۔ برف پر تمہارے لہو کی کہر ۔ تمہارے پیر مرمریں ۔ ماسٹر پیٹر کی داستان محبت جیسی شاہکار کتابوں کے مصنف اور ملتان آرٹس فورم کے روح رواں تھے۔ ملتان اور ملک بھر کے علمی اور ادبی حلقوں کی جانب سے پروفیسر خالد سعید صاحب جیسے تخلیق کار اور بےمثال استاد کے انتقال پر ملال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔













