وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد مفاہمتی یاداشت پربطور ثالث دستخط کردیے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آبادمفاہمتی یادداشت پر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دستخط موجود ہیں۔
امریکا اور ایران نے جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو کھولنے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر مقررہ وقت سے پہلے ہی دستخط کر دیے ہیں اور یہ معاہدہ اب نافذ العمل ہو چکا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں صدر میکرون کے ساتھ عشائیے کے موقع پر ایران امریکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جس کی ویڈیو وائٹ ہاؤس نے جاری کی۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے صدر مسعود پزشکیان کی تصاویر جاری کی گئیں جس میں وہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کررہے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک تاریخی دستاویز ہے اور ایک طاقت ور ایران کا پیغام ہےکہ امن باہمی احترام کے سائے میں حاصل کیا جائےگا۔ ایرانی صدر نے امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے طے پانے والے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم بھی کیا۔
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشت کا متن ایرانی قوم کی آواز کی عکاسی ہے، ایرانی قوم نےدھمکی یا دباؤ کےسامنے اپنی عزتِ نفس اور خودمختاری کا سودا نہیں کیا، آج جو کچھ ہورہا ہے وہ ایرانی قوم کی استقامت،ثابت قدمی اور ذمہ دارانہ سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔













