چین کے مشرقی شہر چنگ ڈاؤ میں کرونا وائرس کے نو مریض رپورٹ ہونے کے بعد حکومت نے پورے شہر کے کرونا ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام 90 لاکھ آبادی کا ٹیسٹ اسی ہفتے کیا جائے گا۔
پیر کو رپورٹ ہونے والے ان نو کیسز سے چین میں جاری ان ہفتوں کا تسلسل ٹوٹ گیا ہے جن کے دوران کرونا وائرس کی مقامی منتقلی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔
چین میں کرونا کی مقامی منتقلی کے کیسز آخری مرتبہ 15 اگست کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سے مقامی منتقلی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔ تاہم پیر کو ایک مرتبہ پھر نو کیسز سامنے آئے ہیں۔
چین کے قومی صحت کمیشن نے کہا ہے کہ حکام چنگ ڈاؤ کے ایک اسپتال کے آٹھ مریضوں اور عملے کے ایک رکن کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کمیشن نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ روز کے دوران پورے شہر کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
چین میں کرونا وائرس کی وبا کے آغاز سے اب تک کرونا وائرس کے 85 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 600 سے زائد ہے۔













