ْکتنے ہی سال آے اور بیت کر ماضی کا حصہ بن گئے. لڑکپن کے وہ ماہ وسال جب ایک سال کی ڈائری کا اختتامیہ لکھ کر چھپا دیتے اور نئ امنگوں اور خواہشوں کے ساتھ نئ نکور ڈائری کا آغاز کرتے.
بس یونہی بند مٹھی سے لمحوں کی ریت یوں پھسلی کہ اب زندگی کے آخری پڑاو تک یوں آپہنچے کہ لگتا ہے
خواب تھا جو کچھ کہ دیکھا ‘جو سنا افسانہ تھا
یادوں کی اس پوٹلی میں بہت سے سال بندھے رکھے ہیں. مگر 20 20 کے اس آخری دن دوبئی کی فضاؤں میں بیٹھی سال گزشتہ کے نرم گرم ‘تلخ وشریں ‘
واقعات کو یاد کرتی ہوں. اور سوچتی ہوں. کہ یہ سال منفرد اور پر از عجائب تھا ‘
غم دوراں ہو کہ غم جاناں
واقعات کی فلم سی چل رہی ہے. یادوں کے حصار میں اپنے سامنے گزرے وقت کی فلم دیکھ رہی ہوں.
2020 کا سواگت دعاوں ‘تمناوں اور نیک ارادوں سے کیا حسب معمول
فروری میں پتہ چلا. کہ محترم صفدر علی ہمدانی پاکستان آے ہیں. تو ہم نے کتاب کی اشاعت کا فیصلہ کیا اور
اس سال 9 مارچ کو ایبٹآباد کی وہ شام جب باہربارش کی رم جھم تھی اور ٹھنڈ تو اندر جذبوں کی حدت اور محبت کی پھوار میں پر از مسرت اور سراپا شکر تھی.
آرمی کے پر آسائش گیسٹ روم میں میری کتاب کی تقریب اجرا تھی. محترم صفدر علی ہمدانی مہمان خصوصی تھے. تو شاہین اشرف علی کی نظامت نے تقریب کو چار چاند لگا دیے. عائشہ کی دوستوں کے لاے پھولوں کی خوشبو اور محبت وپزیرائ کی مہک نے مسرور کیا- -اس کتاب پر محترم صفدر علی ہمدانی ‘ثروت زہرا ‘محترم شجاعت علی راہی صاحب اورمحترم ناصر علی سید صاحب نے(یەتمام نام محتاج تعارف نہیں ) ”’ جو پیش لفظ لکھے. ان کے مہربان ‘روشن لفظوں نے دل میں مسرت اورشکر گزاری کے دیپ جلاے -اور خوشی سے سرشار کیا -شاہین نے مجھے قیمتی تحفے دیتے ہوے کہا کسی کتاب کی تخلیق بچے کے جنم سے زیادہ ہے -کہ صاحب کتاب ہر کوئی نہیں ہو سکتا. اپنے دوستوں کے ایسے ایسے ہی اظہار نےدنوں تک شاد رکھا.پھر جب اسی ماہ بڑی بیٹی فری اپنے بچوں کے ساتھ پاکستان آئ تو خوشی دوبالا ہوگئ -سیر و تفریح کے کتنے ہی پروگرام بناڈالے -مگر اے بسا آرزو کہ خاک شد اچانک کرونا کا جن یوں بوتل سے باہر آیا کہ آنکھوں نے وہ مناظر دیکھے جو احاطہ ء خیال سے بھی باہر تھے -ایک چھوٹا سا وائرس جس نے تمام دنیا کو ایک ہی رنگ میں رنگ ڈالا -ایسا لاک ڈاون
کہ کوچہ خالی ‘جادہ ‘خالی
پھر ہم کہ حساس فوجی علاقے میں رہائش پذیر ہیں.ہمارے ہاں وہ سختی کہ الحفیظ والاماں باہر کوئی مہمان اندر نہیں آسکتا اورہم لوگ باہر نہیں جاسکتے تھے بغیر پاس لئے.
وہ سارے پروگرام ‘آے جانے دعوتوں کے دھرے کے دھرے رہ گئے.حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ کا قول بار بار یاد آتا رہا -کہ میں نے اپنے ارادوں کے ٹوٹنے سے رب کو پہچانا.اللە اکبر اللہ اکبر
بھتیجی جس کی شادی چند دنوں میں ہونا تھی. اور شاندار تیاریاں جاری تھیں. ملتوی کرنا پڑی -زندگی کا ایسا رخ کب دیکھا کسی نے!
ایسے میں الف کتاب والوں نے قرنطینہ ڈائری کا سلسلہ شروع کیا -جس کو ہفتے کے 5 دن سارہ قیوم لکھتی تھیں. تو بدھ تا ہفتہ4 دن میرے حصے میں آے.
روزانہ لکھنا میرے لئے نیا اور دل چسپ تجربہ تھا -جس نے لاک ڈاون کے بے رنگ دنوں میں رنگ بھرے تو گاہے بگاہے دوستوں اورنئے قارئین کی تعریف وتوصیف نے حوصلہ افزائی کی-
یہ سلسلہ مئ تک جاری رہا –
بھتیجی کی شادی مئ کے آخر میں سادگی سے طے پائ -اور اس کی بارات والے دن جب میں اچھے سے تیار ہوکرداد سمیٹتی ہوئ ادھر سے ادھر گھومتی پھر رہی تھی۔سٹیج پر اپنی بھتیجی کی ساس( جو میری دوست بھی ہے) کے ساتھ کھڑی تھی۔کہ اچانک مجھے لگا کہ میری دماغ کی رگیں پھٹ جائیں گی۔سر کو پکڑے بمشکل کرسی تک پہنچی۔میری حالت کو دیکھ کر جلدی سے بہن نے بی پی کی گولی کھلائ۔سب ارداگرد ہوگئے۔نظر کی سورتیں، آیات قرآنی سب پڑھنے لگے۔ایک دوگھنٹے کے بعد کہیں طبیعت کچھ سنبھلی۔بی پی ایسا شوٹ کر گیا تھا کہ اب بھی دیکھنے والے کہتے ہیں۔کہ نہ صرف موت بلکہ فالج کے اٹیک اور ہر طرح کے نقصان سے اللہ نے بچالیا۔ویسے تو گاڑی میں بیٹھتے ہی میں سفر کی اور مختلف آیات پڑھنا شروع کر دیتی ہوں۔اس شام معمول سے زیادہ آیات اور حفاظت کی دعائیں نہ صرف پڑھتی رہی بلکہ بچوں کو بھی بار بار تاکید کرتی رہی کہ پڑھو۔بس یہ کلام ربانی کی ہی برکت تھی۔
پھر 3ماہ کے بعد فری اور اپنی نواسیوں کو رخصت کیا۔عید الفطر فری کے ساتھ منائی تو عیدالاضحٰی پر عائشہ کو بہ اصرار بلایا۔عائشہ اور بچے کیا آے۔رونق، ہلہ گلہ ایبٹ آباد، پنڈی، کوہاٹ جگہ جگہ جانے کے پروگرام بنالئے۔عید کے بعد سب سے پہلے ایبٹ آباد گئے۔خوش باش ہسنتے کھیلتے!
عائشہ کی دوست اجالا کے گھر گئے تو ایک اور پیاری سی دوست مسرت نے گلے لگتے ہوے کہا آنٹی آپ تو اسی طرح ہیں۔
ارے کہاں گٹے گوڈے تو کام نہیں کرتےتو اس طرح کی دعوتوں اور خوشیوں میں مگن تھی -کە جیسے ایک بم پھٹا -وہ جو ہم نے تفریحی دورے پر پنڈی جانا تھا -اب عائشہ مجھےلئےلئے کبھی معروف ہسپتال اور کبھی الشفا کے چکر کاٹنے پڑے -بائوپسی کی رپورٹ آی تو بریسٹ کینسر –
میرے بچوں میرے میاں کے لئے یہ خبر ایٹم بم سے کم نہیں تھی -مگر اللہ کی خاص مہربانی سے دل مضبوط و مطمئن رہا -اور بہت ہمت سے اتنی بڑی سرجری کروای -اپنی بیماری کے بارے میں تو میں نے تفصیلاً لکھا ہے -سرجری اور اس کے بعد کے مراحل میں 3 4ماە بیت گئے-لیکن آج دو ہزار بیس کے آخری دن عائشہ کے گھر بیٹھی پورے سال کاتجزیہ کرنے کا مقصد ہی یہی ہے -کہ اپنی بے پایاں شکر گزاری کا اظہار کروں میں نے ہمیشہ اپنے سے نیچے دیکھا اورخوش و مطمئن رہی. اللہ کی بے پایاں عنایات واکرامات رہے. اور شکر گزار رہی. لیکن
اس بیماری میں مجھے اندازہ ہوا کہ شکر کسے کہتے ہیں -اچھے اور موافق حالات میں شکر کرنا اور بات ہے -اور کسی مشکل امتحان میں گھر جائیں تو پتہ چلتا ہے -کہ سب کچھ کتنا بے حقیقت ہے -اپنا سب کچھ دے کر بھی کوی ہوی صحت یامہلت کو واپس نہیں لا سکتے ایسے میں کامل یقین رب کریم پر اور دل سے نکلی دعاوں پر اس یقین پر کہ وہ سن رہا ہے -تو معجزانہ طور پر میری آخری رپورٹ ایسی آی کہ ڈاکٹر بھی خوشی سے پھولے نہ سمایا -مگر مجھے سمجھ نہیں آتی کہ اب میں کس طرح شکر ادا کروں. شکر کا احساس میرے رگ و پے میں سما گیا ہے -ہر بات پر دل شکر کے احساس سے لبریز رہتا ہے –
تو بظاہر جو چیز خوف ناک تھی -اس کے اندر کیسی خیر چھپی تھی -20 20 میری زندگی میں ناقابل فراموش سال رہا -جس نے باقی ماندہ زندگی کو ایک نئ جہت نیا رخ دیا -بہن بھائی ‘بچوں اور نسیم کی محبت کا احساس دلایا -اور میرے پیارے پیارے دوست احباب جن کی دعائیں مجھے موت کے دروازے سے کھینچ لائیں اور میرے رخ کتاب کے بہت مخلص دوست جنہوں نے مجھے اپنی دعاوں میں یاد رکھا -ان سب نعمتوں کا شکر کس طرح ادا کیا جا سکتا ہے –
دوہزار اکیس کے ساتھ اچھی امیدیں وابستہ ہیں -اور دعا ہے. کہ ان تمام ارادوں اوروعدوں کو پورا کر سکوں -جو دل نے رب سے کئے -آپ سب سے دعا کی درخواست کہ اللہ وعدوں کو پورا کرنے اور نیک کاموں کی تو فیق دے -اور2021کرونا سے نجات اور بنی نوع انسان کے دکھوں کے خاتمے کا سال ہو -اور اللہ ہم سب کو اپنا شکر گزار بندہ بناے رکھے آمین ثم آمین
نصرت نسیم













