نومبر کا مہینہ ختم ہونے کو ہے خزاں کی رت اپنے پورے جوبن پر ہے یہ موسم ویسے بھی اداس کر دیتا ہے کہ درختوں کے گرتے پتے پیغام دیتے ہیں کہ یہ جو بن یہ جوانی یہ صحت سدا نہیں ایک دن ہم بھی ان سوکھے پتوں کی مانند گر کر ہوا کے تھپیڑوں کی نظر ہو جائیں گے۔جاڑوں کی لمبی شامیں ماحول پر چھائی خاموشی اندر کے طوفان کی آواز بسا اوقات اتنی بلند کر دیتی ہے کہ چاروں طرف چیخیں سنائی دینے لگتی ہیں ۔پیارے رشتے اب دور ہونے لگتے ہیں ۔ زندگی وقت کے ساتھ اب سبق سکھا رہی ہے بھری محفل میں تنہائی قہقہوں کی گونج میں دل اداس بہترین لباس پہن کر بھی ایک عجیب سی مایوسی۔
“بھری دنیا میں جی نہیں لگتا
جانے کس چیز کی کمی ہے ابھی”
اب وجہ سمجھ میں آ رہی ہے کے گوتم بدھ بھرے راج محل کو چھوڑ کر آرام اور آسائش کی زندگی کو ٹھکرا کر جنگل میں تپسیا کرنے کیوں چلا گیا۔
اچھا بہترین کھانا کھانے کے بعد باہر نکلیں تو غربت سڑکوں پر راج کرتی نظر آتی ہے شادیوں بیا ہوں پر دکھاوے کے لئے لاکھوں کے خرچے مگر ہمسائے میں لوگ بھوکے بیٹھے ہیں راستے میں لوگ ہاتھ پھیلائے بیٹھے ہیں یہ دیکھ کر ایک عجیب سی بے کسی محسوس ہوتی ہے ایک طرف ملک میں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں لوگ بے سروسامانی کی حالت میں بیٹھے ہیں جبکہ دوسری جانب شادی بیاہوں پر صرف سجاوٹوں پر لاکھوں روپے اڑائے جا رہے ہیں ان حالات میں طبیعت مکدر ہو جاتی ہے ۔کیسی بے حسی چھائی ہوئی ہے۔عبادت کے لئے بیٹھو ہزار کوشش کرو لیکن رابطہ نہیں بن پاتا توجہ مرکوز نہیں ہو پاتی ایسے لگتا ہے جیسے نماز نہیں پڑھی ایک رسم ادا کردی دل کی بے کلی ختم ہی نہیں ہوتی ایسا کیوں ہوتا ہے ایسے میں کچھ لوگوں کے رویے بھی بے حد مایوس کر دیتے ہیں کئی سالوں سے آشنائی سالوں کا بندھن لیکن پھر بھی درمیان میں ایک نا ختم ہونے والا فاصلہ ایک سرد مہری ۔ریل کی پٹری ،دریا کے دو کنارے جو ساتھ ساتھ متوازی تو چلتے ہیں لیکن مل نہیں پاتے ۔اپنا قصور بھی سمجھ نہیں آتا وفا اور محبت کی ڈور بسا اوقات اتنی تن جاتی ہے کہ ٹوٹنے کا خطرہ محسوس ہوتا ہے یہ صورتحال ہر طرف ہی نظر آتی ہے ہر ایک کے اندر ایک ایسا خلا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ آپ پر حاوی ہونے لگتا ہے یوں لگتا ہے جیسے یہ خلا کسی دن نگل جائے گا منافقت تو وقت کی ضرورت بن چکی ہے قہقہوں میں چھپے ہوئے غم ،دل ٹوٹا ہوا لیکن چہرے پر دلکش مسکراہٹ سجائے ہوئے یہ ابن آدم چاروں طرف نظر آتے ہیں بقول شاعر
” تم اتنا جو مسکرا رہے ہو
کیا غم ہے جس کو چھپا رہے ہو”
بچپن کے ساتھی اپنے پیارے بہن بھائی میٹھے رشتے جو کبھی ایک دوجے کے بنا رہ نہ سکتے تھے اب چھوٹی چھوٹی سی باتوں کو لے کر ناراض ہو جاتے ہیں ہر دوسرے گھر کی کہانی ہے کہ بہن بھائی سالوں اور بعض اوقات عمر بھر کے لیے دل میں رنجش لیکر ناراض ہو جاتے ہیں تنہائی میں بیٹھ کر کبھی ان باتوں اور وجوہات کو پرکھیں تو بہت ہی معمولی نوعیت کی ہوتی ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ رنجشیں رشتوں میں ایسی دراڑیں ڈال دیتی ہیں کہ پھر عمر بھر ان کو پر نہیں کر سکتے ۔ایسے میں بچپن کے دن یاد آتے ہیں کہ ایک ہی تھالی میں کھانا کھا لیتے تھے ،ایکدوسرے کے لئیے تحفے خریدتے ،مل کر معصوم سی شرارتیں کرتے اور پھر وہ کھلکھلا کر ہنسنا اب تو قصہ پارینہ بن چکا ہے ۔ایک ہی ہال میں بیٹھے سگے بہن بھائی ملنا بھی گوارا نہیں کرتے۔پہلے بزرگ ایسے موقعوں پر صلح صفائی کروا دیتے تھے لیکن اب تو وہ بھی مصلحت کوش نظر آتے ہیں ۔ عمدہ لباس پہن کر بھی خوشی محسوس نہیں ہوتی تین وقت کا بھرپور کھانا ایک وقت تک سمٹ جاتا ہے اور بسا اوقات وہ بھی کھانے کو جی نہیں چاہتا وہ جگہیں جہاں کبھی ہنستے گاتے مسکراتے اٹھلاتے گھومنے جاتے اب غیر دلچسپ لگنے لگتی ہیں ہاں ایسے وقت میں صرف ایک مخلص اور سچا دوست ہی ہے جو اس خلا کو پر کر سکتا ہے لیکن آج کل کے دور میں ایسے دوست کہاں پر ہیں۔ایک سچا دوست بڑی نعمت ہے کہ جسے کھل کر دل کا حال سنا سکتے ہیں ۔اس بات کا ڈر نہیں ہوتا کہ وہ آپ کے حالات دوسروں کو بتائے گا۔ایسے دوستوں سے بات کر کے دل کا بوجھ بھی ہلکا ہو جاتا لیکن آج کل ایسے دوست کہاں ملتے ہیں ۔جنہیں میسر ہیں وہ خوش قسمت ترین ہیں ۔ امام عالی ؓ نے فرمایا ”جو ذرا سی بات پر دوست نہ رہے ۔ وہ دوست تھا ہی نہیں“۔”جس کو ایسے دوست کی تلاش ہو جس میں کوئی خامی نہ ہو ،اسے کبھی بھی دوست نہیں ملتا “۔ ہر شخص کے سامنے ایک جھوٹا نقاب اوڑھ کر ملنا پڑتا ہے اصل صورتحال حقیقت کسی کو بتانے کی ہمت ہی کوئی نہیں کرتا کہ فوراً لوگ پرکھنا شروع کر دیتے ہیں نفسیاتی مریض کہنا شروع کر دیتے ہیں” یہ دیکھو اللہ نے ہر نعمت دے رکھی ہے لیکن پھر بھی اس کے گلے شکوے ختم ہی نہیں ہوتے” اپنے چاروں طرف دیکھیئے بہت زندہ دل ہنستے مسکراتے چہرے دل میں بہت درد سمو کر بیٹھے ہیں لیکن کوئی بھی اپنا درد کسی کو بتاتا نہیں کہ جھوٹی انا اور وقاربھی تو قائم رکھنا ہے ۔جاڑے کی اداس رت ،لمبی راتیں جانے کیوں دل میں چھپے درد ، تنہائی کو جلا دیتی ہیں ۔زندگی شمع کی لو کی مانند تھرتھرانے لگتی ہے ۔ایسے میں ناصر کاظمی کی غزل کچھ الگ ہی مزہ دینے لگتی ہے۔غلام علی نے ایسے ڈھنگ سے گائی ہے کہ ہر شعر زندہ ہو کر رقص کرنے لگتا ہے دل کے تاروں کو چھونے لگتا ہے ۔
“دل میں اک لہر سی اٹھی ہے ابھی
کوئی تازہ ہوا چلی ہے ابھی
کچھ تو نازک مزاج ہیں ہم بھی
اور یہ چوٹ بھی نئی ہے ابھی
شور برپا ہے خانۂ دل میں
کوئی دیوار سی گری ہے ابھی
بھری دنیا میں جی نہیں لگتا
جانے کس چیز کی کمی ہے ابھی
تو شریک سخن نہیں ہے تو کیا
ہم سخن تیری خامشی ہے ابھی
یاد کے بے نشاں جزیروں سے
تیری آواز آ رہی ہے ابھی
شہر کی بے چراغ گلیوں میں
زندگی تجھ کو ڈھونڈتی ہے ابھی
سو گئے لوگ اس حویلی کے
ایک کھڑکی مگر کھلی ہے ابھی
تم تو یارو ابھی سے اٹھ بیٹھے
شہر میں رات جاگتی ہے ابھی
وقت اچھا بھی آئے گا ناصرؔ
غم نہ کر زندگی پڑی ہے ابھی”













