کراچی میں جنگ اور جیو کے مرکزی دفتر پر حملے کا مقدمہ میٹھادر تھانے میں درج کرلیا گیا جب کہ پولیس نے 13 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں دہشت گردی، جان سے مارنے اور املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جنگ اور جیو کے مرکزی دفتر پر حملے کا مقدمہ میٹھادر تھانے میں جنگ اور جیو کے سکیورٹی سپروائزر محمد کبیر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ نامزد ملزم مشتاق سرکی اور گرفتار 13 ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے جب کہ مقدے میں 200 کے قریب نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مشتعل افراد نے اچانک جنگ جیو کے استقبالیہ پر حملہ کیا، وہاں موجود سکیورٹی گارڈز نے روکا تو مظاہرین دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور وہاں موجود ملازمین کو یرغمال بنالیا اور حبس بے جا میں رکھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مظاہرین جنگ اور جیو کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کرررہے تھے، جیو کے ملازمین نے مشتعل افراد کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن مشتاق سرکی اشتعال پھیلاتا رہا۔
مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ مظاہرین جنگ جیو اور انتظامیہ کے خلاف جان سے مارنے اور چینل بند کرنے کی دھمکیاں دیتے رہے، پولیس اور رینجرز کو اطلاع کی گئی تو پولیس نے پہنچ کر موقع پر موجود 13 افراد کو گرفتار کیا۔













