سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور رہنما تحریک انصاف سردار عثمان بزدار نے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں،ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے۔ فوج کے ساتھ کھڑے ہیں آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرزملک کے بہترمستقبل کا سوچیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے گناہ لوگوں کے ساتھ نرمی برتی جائے۔
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 14 ماہ سے مختلف عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کررہا ہوں۔نیک نیتی سے عوام کی خدمت کی، سوچا سیاست سے کچھ عرصہ بریک لے لوں۔
واضح رہے کہ عثمان بزدار پی ٹی آئی کے دور حکومت میں 3 سال سے زائد عرصے تک وزیراعلیٰ پنجاب رہے۔ پی ٹی آئی میں بھی اکثر ان کی کارکردگی سے متعلق اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہتی تھی مگر چیئرمین تحریک انصاف انہیں اپنا وسیم اکرم پلس قرار دیتے تھے۔












