شام ہونے کو آ گئی مگر باتیں تھیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی تھیں ویسے بھی اگر آپ کو صحبت نصیب ہو محترم تنقید شاہ جی کی تو پھر باتوں کی کیا کمی ، اب اسے آپ درویش کی خوش نصیبی کہہ لیں یا بد نصیبی کہ آج بھی صبح سویرے ادھر سورج طلوع ہوا ادھر تنقید شاہ جی کا ظہور ہوا جو سورج غروب ہونے کے باوجود تاحال روز روشن کی مانند موجود تھے اس دوران میں انہوں نے مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین، طالبان امریکہ مذاکرات، بریگزٹ سمیت دنیا بھر کے معاملات پر اپنی معلومات کا رعب جھاڑا اور اس نالائق کی معلومات میں اضافہ کے لئے اپنے ذہن میں محفوظ معلوماتی لائبریری کے تمام دروازے کھول دیئے مگر نالائق، نالائق ہی رہا کہ بین الاقوامی معاملات سے کچھ زیادہ دلچسپی نہ ہونے کے باعث توجہ کا فقدان رہا اس عدم توجہی کو تنقید شاہ جی نے بہت دیر کے بعد محسوس کیا بس یہ جاننا تھا کہ ان کی گفتگو کا رخ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کی طرف ہو گیا اور اسی کے ساتھ ناچیز کے بھی کان کھڑے ہو گئے –
درویش نے تیلی لگائی شاہ جی معاشی طور پر ملک بہتری کی طرف گامزن ہے بس یہ سننا تھا کہ تنقید شاہ جی آگ بگولا ہو گئے خاک بہتری کی طرف گامزن ہے اسٹاک مارکیٹ تسلسل کے ساتھ نیچے کی طرف جا رہی ہے اور ڈالر اوپر کی طرف ، تمہیں کچھ اندازہ بھی ہے کہ سرمایہ کاروں کا کتنا سرمایہ ڈوب گیا ہے اربوں ڈالر اور ڈالر کی بلند پرواز سے ملکی قرضوں میں کتنا اضافہ ہوا ہے اربوں ڈالر اور یہ اربوں ڈالر مجھے اور تمہیں ادا کرنے ہیں ہم سب پاکستانیوں کو ، ناچیز نے ڈرتے ڈرتے کہا شاہ جی محترم بحثیت پاکستانی میرا اور آپ کا فرض بنتا ہے کہ ہماری حکومت اگر مشکل صورت حال سے دوچار ہو تو اس کی مدد کریں بس یہ سننا تھا کہ تنقید شاہ جی اچھل پڑے اور بولے اوئے بڑے محب وطن پاکستانی مدد تو ہم تب کریں گے نا جب ہمارے پلے کچھ ہو گا کاروبار ایک ٹکے کا نہیں رہا دکاندار سارا سارا دن بیٹھے صرف اور صرف آپس میں باتیں کرتے رہتے ہیں کھانے کے لالے پڑے ہوئے ہیں حکومت کی مدد خاک کریں گے درویش نے ایک بار پھر ڈرتے ڈرتے کہا مگر شاہ جی محترم حکومت تو اپنی طرف سے معاشی معاملات کو سلجھانے کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے آئے روز کابینہ کے اجلاس ہوتے ہیں معاشی ٹیم کی میٹنگ ہوتی ہے شاہ جی بولے بالکل اجلاس ہوتے ہیں مگر ان اجلاسوں میں بھی تو صرف باتیں ہی ہوتی ہیں عملی طور پر کچھ نہیں ہوتا کاروباری طبقہ کشمکش میں مبتلا ہے اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا کہ کرے تو کیا کرے اب تم خود دیکھ لو ایف بی آر نے پالیسی بنائی کہ پچاس ہزار کی خریداری پر خریدار کو شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی دینی پڑے گی مگر ڈیلروں نے آٹھ سو ہزار کی خریداری کرنے والے چھوٹے دکانداروں سے بھی شناختی کارڈ طلب کرنے شروع کر دیئے یوں دکاندار مال اٹھا نہیں رہا اور ڈیلر مال بیچ نہیں رہا جب مال ہو گا نہیں تو کاروبار کیا خاک ہو گا-
تنقید شاہ جی کی بات سن میں وقتی طور پر سوچ میں پڑ گیا مجھے سوچ میں گم دیکھ کر انہوں نے ایک بار پھر حملہ کیا تمہیں پتا ہے کہ اس وقت ملک میں تعمیرات کا شعبہ بالکل ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھا ہے نہ زمین بک رہی ہے نہ تعمیرات ہو رہی ہیں تعمیرات نہ ہونے کی وجہ سے اس شعبہ سے منسلک تمام انڈسٹریز کا کام ٹھپ ہو چکا ہے کسی بھی سیمنٹ کے کارخانے دار سے پوچھ لو اگر پہلے اس کے تین یونٹ کام کر رہے تھے تو اس وقت صرف ایک یونٹ کام کر رہا ہے جب کہ باقی دو مکمل بند پڑے ہیں مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں خود سوچو سیمنٹ نہیں بکے گا تو ریت بجری اور سریا کون خریدے گا تعمیرات نہیں ہوں گی تو راج مزدور کو مزدوری کیسے ملے گی دیہاڑی دار تو مارا گیا بے چارا صرف دیہاڑی دار نہیں کارخانے دار بھی رو رہا ہے تعمیرات نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کا سامان بنانے والی انڈسٹری اور اسے فروخت کرنے والے دکاندار بھی بالکل فارغ بیٹھنے پر مجبور ہیں رنگ روغن اور پی وی سی پائپ بنانے اور بیچنے والے بھی اپنے نصیب کو رو رہے ہیں تعمیرات نہ ہونے سے فرنیچر اور انٹیریر ڈیکوریشن والے بھی سوائے آپس میں باتوں کے اور کچھ نہیں کر رہے –
تنقید شاہ جی کی باتوں نے ایک بار پھر مجھے سوچوں میں گم کر دیا ہوش تب آیا جب ان کی چینختی ہوئی آواز کانوں میں پڑی بول رہے تھے تمہیں یاد ہے دو سال پہلے ہم نئی گاڑی بک کروانے کمپنی میں گئے تھے بڑی سفارشوں کے باوجود تین مہینے سے پہلے ہمیں گاڑی نہیں ملی تھی آج نئی گاڑی لینے جاو تو کمپنی والے تمہیں ہاتھوں ہاتھ لیں گے ٹھنڈا گرم بھی پوچھیں گے اور ادھر پیسے دو ادھر گاڑی لو بلکہ گاڑی خود تمہارے گھر بھی چھوڑ جائیں گے پوچھو کیوں ؟ میں نے تو نہیں پوچھا مگر شاہ جی نے خود ہی بتا دیا اس لئے کہ گاڑی کا خریدار نہیں مل رہا کمپنیوں نے اپنی پروڈکشن 60 فیصد کم کر دی ہے جو 40 فیصد پروڈکشن ہو رہی ہے اس کا بھی خریدار میسر نہیں اب تم ہی بتاو کہ اس انڈسٹری میں بھی مزدور بے روزگار ہو گا یا نہیں چلو باقیوں کو چھوڑو تم تو صحافی ہو نا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا ہی حال دیکھ لو اب تک تمہارے کتنے اخبارات اور ٹی وی چینل بند ہو چکے ہیں یہ تو تم مجھ سے بہت بہتر جانتے ہو جو اخبارات اور ٹی وی چینل سسک سسک کر چل بھی رہے ہیں انہوں نے بھی اپنے کتنے کارکنان کو ملازمتوں سے برطرف کر دیا ہے ؟ یہ بھی تمہیں اچھی طرح معلوم ہو گا کہ اس وقت کتنے صحافی ایسے ہیں جن کی تنخواہوں میں 30 سے 40 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے اب خود بتاو کہ جو نوکریوں سے گئے وہ بیٹھ کے باتیں نہیں کریں گے تو کیا کریں گے ؟ –
تنقید شاہ جی کی صبح سے جاری تلخ گفتگو نے اس ناچیز کو بھی بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا گذشتہ 72 سالہ تاریخ کا جائزہ لیں تو بجا کہ ہم نے بہت کچھ حاصل بھی کیا مگر اس دوران میں جس تیز رفتاری سے ہمیں ترقی کی منازل طے کرنی چائیں تھیں وہ نہ کر سکے کیوں؟ یہ کیوں ایک بہت بڑے سوالیہ نشان کی مانند آنکھوں کے سامنے آ کھڑا ہوتا ہے اور اس کا سیدھا سادہ سا جواب یہ ہے کہ ہم نے اپنا بہت سا قیمتی وقت باتوں میں ضائع کر دیا ہے صبح باتیں شام باتیں دن باتیں رات باتیں سچی باتیں جھوٹی باتیں ایسی باتیں اور دعوے جن پر عمل ممکن ہی نہ تھا آپ یوں سمجھ لیں کہ وہ سہانے سپنے جن کی تعبیر ممکن نہ تھی اب بھی وقت ہے کہ ہم بحیثیت قوم ہوش کے ناخن لیں اور وہ وعدے وہ دعوے اور وہ باتیں کریں جن پر عمل درآمد ممکن ہو ورنہ ایک دوسرے کو پکڑ کر آو باتیں کریں کا وتیرہ ہمیں آگے نہیں مزید پیچھے کی جانب لے جائے گا …!













