غزہ میں وزارت صحت کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد 56 ہزار 412 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 33 ہزار 56 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں طبی حکام کے اعدادو شمار حقیقت سے کہیں کم ہیں، غزہ میں 7 اکتوبر 2023 کے بعد شہید ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔
دوسری طرف اسرائیل کی جانب سے لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی پھر خلاف ورزی کی گئی اور اسرائیلی ڈرون حملے میں دو لبنانی شہری شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
اسرائیل کے لبنان، شام، یمن اور ایران پر 18 ہزار حملے
ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 20 ماہ میں اسرائیل کے حملے غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک تک بڑھ گئے۔
اسرائیل نے لبنان، شام، یمن اور ایران پر حملے کیے، امریکی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق اسرائیل نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں سب سے زیادہ 18 ہزار سے زائد حملے کیے۔
لبنان میں 15 ہزار سے زائد اسرائیلی حملوں میں ڈیرھ ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے شام میں گزشتہ چھ ماہ میں 200 حملے کیے جبکہ اسرائیل نے یمن پر 39 حملوں میں ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایران پر 13 سے 23 جون کے دوران 146 حملے کیے جن میں بچوں سمیت 606 ایرانی شہید، 5 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔













