
امریکہ میں جہاز کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کے پیشِ نظر ایئر لائنز کمپنیاں موسم گرما میں مقامی فضائی سفر میں اضافے کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ حکومتی حلقوں میں بھی اس بات پر بحث ہو رہی ہے آیا مزید غیر ملکی سیاحوں کو ملک میں آنے کی اجازت دی جائے۔
امریکہ میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب ملک میں زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔
منگل کو امریکن ایئر لائنز، یونائیٹڈ ایئر لائنز اور ڈیلٹا ایئر لائنز کے شیئرز میں اس وقت تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب اعلیٰ حکام نے کہا کہ سیر و تفریح کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈیلٹا ایئر لائنز کے صدر گلین ہوئن اسٹین نے ایک کانفرنس کے دوران بتایا کہ “فضائی سفر کے لیے بکنگ توقعات سے زیادہ ہے اور ہم سفر کے لیے لوگوں کی بڑھتی دلچسپی دیکھ کر کافی خوش ہیں۔”
ائیرپورٹ پر امریکیوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) چار جولائی تک مزید 1000 افسران کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس سے قبل یکم جنوری سے اب تک ٹی ایس اے 3000 نئے افسران کی خدمات حاصل کر چکی ہے۔
ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے قائم مقام ایڈمنسٹریٹر ڈاربے لے جوئے نے واشنگٹن کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ “ہم نے ملک کے فضائی اڈوں پر شہریوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا ہے اور رواں برس موسمِ گرما میں اس تعداد میں مستقل اضافہ برقرار رہے گا۔
ٹی ایس اے نے اتوار کو فضائی اڈوں پر 18 لاکھ 60 ہزار مسافروں کی اسکریننگ کی تھی جو مارچ 2020 کے بعد سے اب تک کی ایک روز کے دوران مسافروں کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔
امریکی ایئرلائنز کے چیف فنانشل افسر ڈیریک کیر کا کہنا ہے کہ کاروبار اور ملک کے اندر فضائی سفر میں حوصلہ افزا اشارے دیکھ رہے ہیں جو کہ وبا کے دوران شدید متاثر ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں اور اب کمپنیاں ملازمین کو دفاتر سے کام اور سفر کرنے کی اجازت دینے کی تیاریاں کر رہی ہیں جب کہ کئی ملک سفر کے لیے اپنی سرحدیں بھی کھول رہے ہیں۔
نیویارک میں زندگی ایک بار پھر رواں دواں












