پاک بحریہ کی ‘امن 17’ بحری مشقیں اختتام پذیرہوگئیں، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم نواز شریف تھے جن کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سمندری حدود کی حفاظت اور ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر دفاع خواجہ آصف کے علاوہ دیگر اعلی سول و ملٹری حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

ڈان نیوز کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود پاک بحریہ کے بحی جہاز ‘نصر’ آمد پر ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

مشق میں شامل مختلف ممالک کے بحری جہازوں اور ہوائی جہازوں نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔

وزیر اعظم نوازشریف نے امن مشق کے کامیاب انعقاد پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ مشترکہ پانیوں میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اس مشق کا انعقاد پاکستان کی دیگر قوموں کے ساتھ مل کر مثبت کام کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY