ایم کیو ایم نے نالوں پر قبضے کا الزام مسترد کردیا، فیصل سبزواری نے کہا کہ نالوں کا سروے کرالیں ،پیپلزپارٹی کا جھنڈا ہی نظر آئے گا، سندھ حکومت نو سال میں بھی کچرا نہیں اٹھا سکی، ان کی کشتیوں سے اربوں روپے نکلتے ہیں، کراچی کا میلوں تک کا ساحل ختم کر کے اربوں ڈالر کمائے گئے ۔
کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز میں ڈپٹی میئر ارشد وہرہ،ڈسٹرکٹ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی بینظیر اور ذوالفقار علی بھٹو کے مزار کی وجہ سے زندہ ہے، ہماری کارکردگی پر سوال اٹھانے والے نو برسوں میں ایک ماڈل یونین کونسل نہیں بنا سکے، یہ کراچی ہےلوٹ کا مال نہیں اور نہ یہاں کے عوام پیپلز پارٹی کی رعایا۔
فیصل سبز واری کا کہنا تھا کہ گزشتہ نو برسوں میں ایک ہزار ارب روپے کا بجٹ سندھ کو ملا لیکن ہماری کارکردگی پر سوال اٹھانے والے نو برسوں میں ایک ماڈل یونین کونسل نہیں بنا سکے، جو نوکریاں دیں وہ میرٹ پر دیں، آپ کے وزرا کی طرح نوکریاں بیچی نہیں۔
ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ نے پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تو کراچی کے ساحل تک کو فروخت کردیا اور اربوں ڈالر کمائے، اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے اپنے اختیارات کے حصول کے لئے عدلیہ سے رجوع کرنے کا اعلان بھی کیاگیا












