کراچی کے علاقے ملیر میں ایک گھر سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کو بتایا گیا کہ ملیر کی شمسی کالونی کے ایک گھر میں 5 افراد شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کی ضرورت ہے۔

پولیس جائے وقعہ پر پہنچی تو دیکھا کہ 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ ایک شخص کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی نے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور3 بچیاں شامل ہیں جب کہ ایک مرد زخمی ہے، تمام افراد کو چھریوں کے وار سے قتل کیا گیا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ ہما زوجہ فواد، 16 سالہ نیہا ولد فواد، 12 سالہ فاطمہ ولد فواد اور 10 سالہ نمرہ ولد فواد کے نام سے ہوئی ہے۔

ساجد سدوزئی نے مزید بتایا کہ زخمی ہونے والے شخص کا نام فواد ہے جو مکان کی پہلی منزل پر اپنے بیوی بچوں کے ساتھ رہتا تھا جب کہ نیچے والدہ اور بھائی رہتے تھے۔

فواد منگل کی صبح معمول کے مطابق اپنی ملازمت پر گیا لیکن دوپہر کے وقت واپس آگیا تھا، جس کے بعد اس کا بیوی سے جھگڑا ہوا۔ فواد کی بیوی کی آواز سنی تو گھر والے اوپر گئے، دروازے کی کنڈی توڑ کر گھر والے اندر داخل ہوئے تو تمام افراد زخمی تھے۔

ایس ایس پی کورنگی نے مزید بتایا کہ چھریوں کے وار کے دوران کسی کی آواز نہ آنا یہ بتاتا ہے کہ شائد مقتولین کو مارنے سے قبل کوئی نشہ آاور چیز دی گئی ہو۔

SHARE

LEAVE A REPLY