سید علی گیلانی کی کتاب کی رسم اجرا تقریب کو پولیس نے رکوادیا

0
1282

سری نگر(یاسر رفیق/مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کےزیر انتظام کشمیر میں علامہ اقبال پر لکھی سید علی گیلانی کی کتاب کی رسم اجرا تقریب کو پولیس نے رکوادیا۔ اطلاعات کے مطابق سری نگرپولیس نے اتوار کے روز سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدرپورہ میں واقع تحریک حریت کے صدر دفتر کو چاروں اطراف سے سیل کرکے بزرگ علیحدگی پسند راہنما و حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی کی تصنیف کردہ کتاب ’اقبال…روحِ دین کا شناسا‘کی رسم اجرائی کی تقریب کو منعقد نہیں ہونے دیا۔

 گیلانی کی کتاب کی ’رسم اجرائی‘ کی یہ تقریب تحریک حریت کے بینر تلے منعقد ہونے والی تھی۔ ریاستی پولیس کی تقریب پر پابندی کے خلاف حیدرپورہ جامع مسجد کے باہر لوگوں نے احتجاج کیا اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

 حریت ترجمان  نے کتاب کی رسم اجرائی کی تقریب پر پابندی کو آزادئ اظہارِ رائے پر پابندی اور ریاستی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ پولیس کی اس ایکشن کا کوئی آئینی یا اخلاقی جواز تھا اور نہ اس کی بظاہر کوئی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ  یہ ایک اکیڈمک نوعیت کی سادہ تقریب تھی، جس میں کئی سرکردہ اہل علم مدعو کئے گئے تھے۔

یہ تقریب چار دیواری کے اندر منعقد ہورہی تھی اور اس سے امن وقانون کا مسئلہ پیدا ہونے والا تھا اور نہ ٹریفک  میں کوئی خلل واقع ہونے کا خطرہ تھا۔ ترجمان کے مطابق تحریک حریت دفتر اور  گیلانی کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو صبح سویرے  سے ہی سیل کردیا گیا۔دوسری طرف سید علی گیلانی پنی اس نئی تصنیف کے بارے میں کہا کہ ’علامہ اقبال اسلام کے آفاقی پیغام کے ایک داعی تھے اور انہوں نے اپنا پیغام عام کرنے کے لیے شاعری کو ایک ذریعہ بنایا۔ ان کے پیغام کو عام کرنے کی آج بھی اتنی ہی ضرورت ہے، جتنی کہ سو سال پہلے تھی۔ میں نے علامہ اقبال  کے فارسی کلام کا اردو میں ترجمہ وتفہیم کرنے کا بیڑا اسی ضرورت کے پیشِ نظر اٹھایا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY