طارق فاطمی کا الوداعی خط، تمام الزامات مسترد کردیئے

0
756

وزیراعظم نواز شریف کے سابق معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے الوداعی خط میں اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کی جانب سے لیک ہونے والے اپنے الوداعی خط میں طارق فاطمی کا کہنا تھا، ‘میں خود پر لگائے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں، یہ الزامات ایک ایسے شخص کے لیے تکلیف کا باعث ہیں جو پانچ دہائیوں سے پاکستان کی خدمت کررہا ہو’۔

ہیڈکوارٹرز کے تمام افسران کے نام لکھے گئے مذکورہ خط میں طارق فاطمی کا مزید کہنا تھا، ‘ان سالوں میں مجھے قومی سلامتی کے معاملات سے جڑے کئی حساس معاملات کو دیکھنا پڑا جن میں کچھ بہت اہم معلومات سے آگاہی بھی شامل تھی’۔

اپنے ساتھ تعاون کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طارق فاطمی نے مزید لکھا، ‘ملک کو لاحق مختلف چیلنجز کے باوجود قومی مفاد کی بہتری اور تحفظ کے لیے حاصل کی گئی کامیابیوں کو بعض اوقات گھر پر اچھی طرح سمجھ کر سراہا نہیں جاتا تاہم بین الاقوامی سطح پر حاصل ہونے والی تعظیم، اپنے کام سے محبت اور ذاتی سالمیت کی گواہی ہوتی ہے’۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے (29 اپریل) کو ڈان اخبار میں شائع ہونے والی ایک خبر کے معاملے میں مبینہ طور پر کردار ادا کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے دستخط سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے ڈان اخبار کی خبر کے معاملے پر بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی تھی جبکہ ان ہی کی روشنی میں یہ اقدامات اٹھائے گئے تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY