کراچی سینٹرل جیل میں رینجرز، پولیس اور ایف سی نے سرچ آپریشن کیا ہے جس کے دوران قیدیوں سے بڑی تعداد میں ممنوعہ سامان برآمد ہوا، اس میں موبائل فون اور لاکھوں روپے شامل ہیں۔

جیل پولیس کے مطابق رینجرز، پولیس اور ایف سی نے مشترکہ طور پر کراچی سینٹرل جیل میں سرچ آپریشن کیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔

مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران اہلکاروں نے تمام قیدیوں کے بیرکس کی جانچ کی جبکہ کالعدم تنظیموں کے ارکان کی خصوصی جانچ پڑتال کی گئی۔

جیل پولیس نے بتایا کہ اس دوران قیدیوں سے لاکھوں روپے برآمد ہوئے جبکہ بڑی تعداد میں ممنوعہ سامان بھی برآمد ہوا۔

سینٹرل جیل آپریشن کے دوران برآمد ہونے والے سامان میں سیکڑوں کی تعداد میں موبائل فونز بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ قیدیوں سے سیکڑوں کی تعداد میں ٹی وی، ایل سی ڈیز، ٹیپ ریکارڈر، ائر کولرز اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔

خیال رہے کہ یہ سرچ آپریشن دو روز قبل کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم کے دو ‘خطرناک دہشت گرد’ فرار ہونے کی اطلاعات کے بعد کیا گیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY