بہاولپور: آئل ٹینکر میں آتشزدگی، 150 افراد ہلاک

0
246

بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑکنے سے پل بھر میں 150زندگیاں ختم ہوگئیں، حادثے میں 100سے زائد جھلس کر زخمی بھی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے المناک حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ قومی شاہراہ پر پُل پکا کے قریب اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کے سلپ ہونے کے باعث پٹرول لیک ہونے لگا اور علاقے کے لوگ اور وہاں سے گزرنے والے افراد بڑی تعداد میں پٹرول جمع کرنے وہاں پہنچ گئے.

اس دوران آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 140سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ100سے زائد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

………………

صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہوئے وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 144 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

پنجاب کے وزیر اعلی امدادی کاموں کا جائزہ لینے بہاولپور پہچ گئے ہیں

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ قومی شاہراہ پر پکا پل کے قریب پیش آیا جب ایک تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا جس سے بڑی مقدار میں آئل بہنے لگا۔

ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) رانا محمد سلیم افضل نے 123 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا اور بتایا کہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق واقعہ میں 40 سے زائد زخمی ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان زخمیوں کا 60 فیصد سے زیادہ جسم جھلس چکا ہے اور انہیں ملتان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

واقعے کے حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکر سے نکلتے ہوئے پیٹرول کو جمع کرنے کے لیے مقامی گاؤں کے 250 سے زائد افراد جائے وقوعہ پر پہنچے تھے کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگنے سے ٹینکر پھٹ گیا۔

ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر کے نزدیک موجود گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی آتش زدگی کے لپیٹ میں آکر خاکستر ہوگئیں۔

فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس عمران شاہ نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق قومی شاہرہ سے متصل بستی موضع رمضان جوئیہ سے ہے جو آئل ٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کرنے کی غرض سے ٹینکر کے ارد گرد جمع تھے۔

ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ میں طبی سہولیات کی کمی اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں زخمیوں کی کثرت کے باعث حادثے کے مزید زخمیوں کو ملتان منتقل کیا جارہا جبکہ اس واقعہ میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

المناک سانحے پر قومی قیادت کا اظہار افسوس
وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور صوبائی انتظامیہ کو زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے ہدایت جاری کی۔

صدر پاکستان ممنون حسین نے آئل ٹینکر سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا کی اور زخمیوں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی جبکہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کر دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واقع پر افسوس کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی

SHARE

LEAVE A REPLY