چین کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے پاکستان میں ملٹری بیس قائم کرنے کی باتیں محض قیاس آرائی ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہوسکتا ہے جہاں مستقبل میں چین ممکنہ طور پر اپنی ملٹری بیس قائم کرسکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق پینٹاگون نے پیش گوئی کی تھی کہ بیجنگ، افریقی ملکی جِبوٹی میں ملٹری بیس قائم کرنے کے بعد بیرون ملک مزید کئی بیسز قائم کرسکتا ہے۔
چینی وزارت دفاع کے ترجمان وو شیان نے اپنی ماہانہ نیوز کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’چین کی جانب سے پاکستان میں ملٹری بیس کے قیام کی باتیں اندازے کے علاوہ کچھ نہیں۔‘
بحر ہند کے شمال مغربی کنارے پر واقع ملک جبوٹی کی پوزیشن نے بھارت میں یہ تشویش پیدا کردی ہے کہ پاکستان، بنگلہ دیش، میانمار اور سری لنکا کے ساتھ بھارت کے خلاف فوجی اتحاد کے لیے چین، جبوٹی میں بھی ملٹری بیس قائم کرسکتا ہے۔
چین ان ممکنات کی مسلسل نفی کرتا رہا ہے کہ وہ مختلف ممالک میں ملٹری بیسز کے منصوبے کا آغاز کرسکتا ہے، حالانکہ وہ فوج کو جدید بنانے کے متاثر کن پروگرام کا آغاز کر چکا ہے












