پاناما پیپرز کے دعوؤں کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے حکم پر تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) میں تیسری پیشی کے لیے وزیراعظم کے صاحبزادے حسن نواز جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز سے لندن فلیٹس اور منی لانڈرنگ کے متعلق سوالات کیے جائیں گے۔
حسن نواز 11 بجے جوڈیشل اکیڈمی پہنچے تو اس موقع پر اکیڈمی کے سامنے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم نوازشریف کے کزن طارق شفیع مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے دوسری مرتبہ پیش ہوئے تھے۔
پاناما جے آئی ٹی کی جانب سے 25 جون کو جاری ہونے والے سمن کے مطابق حسن نواز کو 3 جولائی، حسین نواز کو 4 جولائی جبکہ مریم نواز کو 5 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، یاد رہے کہ حسین نواز کی یہ چھٹی پیشی ہوگی۔












