وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا۔ وزیراعظم نےکابینہ کے ارکان کو اپنےوزارتوں کےکاموں میں تیزی لانے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت نوتشکیل شدہ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے نئی کابینہ ارکان کو مبارکباد دی اور انہیں اپنی وزارتوں میں بھرپور انداز میں کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ذرائع کا کہناہے کہ کابینہ کےپہلےاجلاس میں مختلف وزارتوں اور متعلقہ اداروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص توانائی کےمنصوبوں کی گزشتہ چار سالہ کارکردگی کاجائزہ اور ان کی بروقت تکمیل کے ایجنڈا کو حتمی شکل دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کابینہ ارکان اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ لیں اور اس حوالے سے وزیراعظم آفس کو بھی آگاہ رکھیں، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف ملکوں کے ساتھ تعاون کی یاداشتوں کی منظوری دی گئی۔












