چیئرمین نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب لاہور اور راولپنڈی نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز تیار کرکے نیب ہیڈ کوارٹر بھجوائے تھے جن میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کی گئی تھی جبکہ تمام افراد کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے کہا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نوازشریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد اور ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی مسترد کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب ہیڈ کوارٹرز نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کو اس حوالے سے خط بھی بھیج دیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں شریف خاندان کے اثاثے منجمد اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی جب کہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کو فیصلے کی تاریخ سے 6 ہفتوں کے اندر ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا ہے جس کی مدت 8ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔











