اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کمرہ عدالت میں ہنگامہ آرائی اور وکلاء پر تشدد کے معاملے پر خدشات ظاہر کر دیئے، عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو تحقیقات کر کے ذمہ داروں کیخلاف کاروائی کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ عدالت میں ہنگامہ آرائی انتہائی افسوسناک عمل ہے، اپنے چیمبر میں موجود تھا جب وکلاء نے کورٹ روم میں شور مچایا، کورٹ روم آنے پر بتایا گیا کہ وکلاء پر تشدد کیا گیا ہے، ہنگامہ آرائی پر سخت تحفظات ہیں۔
عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ سماعت کے موقع پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر پر فرد جرم عائد ہونا تھی لیکن ہنگامہ آرائی کی وجہ سے عدالت کو مجبوراً کارروائی ملتوی کرنا پڑی۔













