نواز شریف کی سماعت روکنے کی درخواست مسترد

0
754

احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت روکنے سے متعلق نواز شریف کی درخواست مسترد کردی جبکہ عدالت نے مریم نواز کی درخواست کو بھی مسترد کردیا ہے۔
مریم نوازاورکیپٹن(ر)صفدر نے گواہوں کے بیانات، والیم10فراہم کرنے کی استدعا کی تھی، درخواست میں دستاویزات ملنے تک فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کرنےکا بھی کہا گیا تھا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب تک تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کا فیصلہ نہ آجائے اس وقت تک کارروائی روکی جائے۔
نواز شریف کی سماعت روکنے سے متعلق درخواست پر وکیل عائشہ حامد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک الزام پر صرف ایک ہی ریفرنس دائر کیا جاسکتاہے، واجد ضیاء نے تحقیقات کی ایک ہی سمری تین مرتبہ پیش کی۔
وکیل صفائی عائشہ حامد کا کہنا تھا کہ تمام ریفرنسز ایک جیسے ہیں، تمام ریفرنسز میں بعض گواہان مشترک ہیں،تمام ریفرنسز کا انحصار ایک ہی جے آئی ٹی رپورٹ پر ہے۔
انہوں نے احتساب عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا گیا، ایک الزام پر صرف ایک ہی ریفرنس دائر کیا جاسکتاہے۔
وکیل صفائی عائشہ حامدنے کہا کہ ریفرنسز یکجا کرنے کےلیے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کررکھا ہے، سپریم کورٹ سے نظر ثانی درخواست کے تفصیلی فیصلے کا بھی انتظارہے۔
احتساب عدالت میں نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر نے آج فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا کی ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں۔
سماعت کے آغاز پر مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے وکیل امجد پرویز نے عدالت سے استدعا کی کہ آج فرد جرم عائد نہ کی جائے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عبوری ریفرنس میں دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں، جب تک تمام دستاویزات نہیں دی جاتیں اس وقت تک سماعت روکی جائے۔
وکیل نے کہا کہ ریفرنس دستاویزات کی مکمل فراہمی تک فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔
اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے آج فرد جرم عائد نہ کرنے کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان پر آج ہی فرد جرم لگائی جائے۔

SHARE

LEAVE A REPLY