سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کے درمیان باہمی احترام ہونا چاہیے اور ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔
مریم نواز نے لاہور کے حلقہ این اے 120 میں مزنگ ہسپتال اور مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں اور پارٹی میں تقسیم کی خواہش رکھنے والوں کو ناکامی ہوگی۔
انہوں نے شریف خاندان میں بھی اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف کی قیادت میں پورا خاندان متحد ہے جبکہ حمزہ شہباز چھوٹا بھائی ہے اور اس سے کوئی اختلاف نہیں۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے مسلم لیگ (ن) اور شریف خاندان میں اختلافات کی رپورٹس سامنے آرہی ہیں، تاہم اس سے قبل بھی لیگی قیادت کی جانب سے اس کی تردید کی جاتی رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ’پاک فوج ہماری حفاظت کی جنگ لڑتی ہے جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، لیکن اداروں کے درمیان باہمی احترام ہونا چاہیے اور ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔‘












