قطر میں امریکہ اور طالبان وفود کی ملاقات، زلزلہ متاثرین کی امداد اور منجمد اثاثوں پر مذاکرات

0
1042

امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے کہا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی حکام اور طالبان کے درمیان ملاقات میں افغانستان میں زلزلہ متاثرین کے لیے امداد اور کابل کے منجمد کیے گئے غیرملکی مالی ذخائر پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بدھ اور جمعرات کو امریکہ اور طالبان وفود کی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ، امریکی محکمۂ خارجہ، خزانہ اور یو ایس ایڈ کے نمائندوں نے شرکت کی جب کہ طالبان کی جانب سے ان کے عبوری وزیرِ خارجہ امیر خان متقی اور دیگر حکام موجود تھے۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ان ملاقاتوں میں امریکہ نے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے ساڑھے پانچ کروڑ ڈالر کی نئی امداد کے اجرا کا اعادہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق فریقین نے افغانستان کے عوام کے فائدے کے لیے افغان مرکزی بینک کے ذخائر میں ساڑھے تین ارب ڈالر کے حوالے سے امریکہ کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس کے ساتھ ساتھ مرکزی بینک میں عالمی اعتماد سازی کی بحالی کے لیے اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی کے مطابق افغانستان میں گزشتہ ماہ کے تباہ کن زلزلے کے بعد طالبان چاہتے ہیں کہ امریکہ کی جانب سے منجمد کیے گئے ملک کے غیر ملکی ذخائر کی بحالی کا راستہ نکالا جا سکے۔

SHARE

LEAVE A REPLY