سات ہزار زائرین اربعین حسینی پر نہ پہنچ سکے

0
745

سات ہزار زائرین اربعین حسینی کے لئے نہ پہنچ سکے، ظلم و زیادتی کے خلاف عدالتی دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ۔۔۔۔۔۔اربعین حسینی کے لئے پاکستان کے طول و ارض سے نکلنے والے سات ہزار زائرین کوئٹہ میں کئی دنوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔ احتجاجی دھرنوں اور ارباب اختیار کے دروازے کھٹکھٹانے کے باوجود شنوائی نہیں ہوئی۔

زائرین کے پاس زادِ راہ کے ساتھ ساتھ ویزے کی معیاد بھی ختم ہونے کو ہے۔ تسنیم نیوز اس ساری صورتحال بارے جب بلوچستان شیعہ کانفرنس کے جنرل سیکرٹری جواد رفیعی سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ پاک آرمی، ایف سی اور بلوچستان حکومت کے مابین ہم آہنگی کے بعد ہی اس معاملے کو حل کیا جا سکتا ہے۔ کانوائے اور این او سی کے لئے ان اداروں کا متفق ہونا ضروری ہے۔ تسنیم نیوز نے ممبر نظریاتی کونسل علامہ عارف واحدی سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ زائرین کو آج صبح کانوائے دیا جانا تھا تاہم زائرین کی جانب سے احتجاج اور حکومت مخالف تحریک کے باعث بلوچستان حکومت سخت ناراض ہو گئی ہے اور انہوں نے کانوائے دینے سے انکار کر دیا ہے۔ علامہ عارف واحدی نے قافلہ سالاروںن کو بھی آڑے ہاتھوں لیا کہ جو زائرین کی پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زائرین پر کسی کا کنٹرول نہیں ہے اور نہ ہی ان کا کوئی مرکز ہے، کاروان سالار بھی اپنی مرضیاں کرتے ہیں، کسی کی مانتے سنتے نہیں، وزارت داخلہ کے ساتھ معاملات طے ہو گئے تھے تاہم زائرین نے روکنے کے باوجود ریلی نکالی جس کے باعث بلوچستان حکومت نے کانوائے دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ادھر عراق جانے میں ناکام ہونے والے زائرین نے مل کر حکومت بلوچستان اور دیگر اداروں کے خلاف عدالتی دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لاکھوں کروڑوں کے نقصان کے ذمہ دار وہ ادارے ہیں جن کے باعث ہم تاخیر کا شکار ہوئے۔

این ایچ نقوی

SHARE

LEAVE A REPLY