عوامی تحریک کےسربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایک بار پھر جسٹس باقر نجفی رپورٹ پر اعلیٰ سطح جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کردیا جبکہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک کےساتھ کھڑے ہیں ،موجودہ حکمراں 30مارچ سے پہلے فارغ ہوجائیں گے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ملاقات کے لیے طاہر القادری گھر پہنچے،ملاقات میں ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ پر گفتگو اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعددونوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
طاہرالقادری نے باقررپورٹ پر جےآئی ٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ نے چھپاسچ بے نقاب کر دیا۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں نواز شریف اور شہباز شریف کو ذمہ دار قرار دیا، اس لئے تین سال تک حکومت نے رپورٹ چھپائی رکھی، رپورٹ کے ہر صفحے پر ان کے قاتل ہونے کے ثبوت ہیں،یہ بیریئر ہٹانا نہیں میری تحریک کو دبانا چاہتے تھے۔رپورٹ میں لکھا ہے کہ تاریخ میں ایسا بھیانک باب نہیں لکھا گیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ فوری مستعفی ہوں،پناما لیکس کی طرز پر جے آئی ٹی بنائی جائے،اگر انہوں نے شرافت سے استعفا نہیں دیا تو احتجاج کریں گے،ان کواقتدارسے باہرنکالنے کیلئے آئینی میں رہ کر احتجاج کریں گے۔
اس موقع پرعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےکہا کہ ظلم انجام کو پہنچتا ہے،ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہیں،شریف خاندان کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ 30مارچ سے پہلے پہلے کک آؤٹ ہو جائیں گے۔











