بینظیر بھٹو قتل کیس؛ پولیس افسران کی سزائیں معطل

1
995

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پولیس افسران کی اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئےان کی سزاؤں کو معطل کردیا ہے ۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامر پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سزا یافتہ پولیس افسران سابق سی پی اوسعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد کی اپیلوں پر سماعت کی، سابق پولیس افسران کا موقف تھا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کی طرف سے پیش کیے گئے شواہد کو نظر انداز کیا، عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا غیر قانونی ہے لہذا سزاؤں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کیا جائے۔

عدالت عالیہ نے سعود عزیز اور خرم شہزاد کی نظر ثانی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے دونوں پولیس افسران کی سزاؤں کو معطل کردیا۔ عدالت نے انسداد دہشت گردی کی عدالت اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا جب کہ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر قتل کیس میں سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو 17، 17 سال قید جب کہ عدالت نے پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق صدر کو اشتہاری قرار دیا تھا، عدالت نے کیس میں ملوث دیگر پانچوں ملزمان کو باعزت بری کر دیا تھا جن میں رفاقت، حسنین، رشید احمد، شیر زمان اور اعتزاز شاہ شامل ہیں۔

SHARE

1 COMMENT

  1. اچھا کیا ہے۔ اور اس سزا دینے کے فیصلے میں ہی اس کی معطلی بھی شامل تھای جس پر سے بالا عدالت نے پردہ اٹھانا تھا ۔ اس طرح کے کیسز میں اس طرح ہی ہوتا ہے۔ جب ریوڑ سے ایک ہرن کو شیر شکار کرلیتا ہے تو باقی آس پاس پھر آزادی سے اور اطمینان سے پھرتے ہیں۔

LEAVE A REPLY