بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس پارٹی نے راہول گاندھی کو پارٹی کا نیا صدر منتخب کر لیا ۔ پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے اس پیش رفت کو ’ تاریخی موقع‘ قرار دیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی اپوزیشن کانگریس پارٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ 47سالہ راہول گاندھی کو پارٹی کا نیا صدر منتخب لیا گیا ہے۔ سینئر پارٹی رکن ملاپالے راما چندرن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ اس منصب کے لیے گاندھی کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔
راہول گاندھی کی فیملی کئی نسلوں سے کانگریس پارٹی کی قیادت سنبھالے ہوئے ہے۔ راہول گاندھی کے پارٹی صدر بننے کے بارے میں طویل عرصے سے شکوک وشبہات ظاہر کیے جا رہے تھے تاہم پارٹی کے اس اعلان کے بعد ایسی تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا کہ شاید مستقبل قریب میں انہیں اس منصب کیلئے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔
راما چندرن نے نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے صدر دفتر کے باہر صحافیوں کے سامنے اعلان کرتے ہوئے کہا، ’’شری راہول گاندھی بلا مقابلہ پارٹی کے صدر منتخب کر لیے گئے ہیں۔‘‘

SHARE

LEAVE A REPLY