پاکستان جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو۔ طارق بٹ

0
728

برائلر سیاسی جماعتیں ۔۔۔ میری ہنسی چھوٹ گئی اور جب ایک بار یہ چھوٹ جائے تو بڑی مشکل سے قابو میں آتی ہے میرے دوست نے حرکت ہی ایسی کی تھی کہ میں بہت دیر تک دل کھول کے ہنستا رہا ۔ اس بے دردی سے ہنسنے پر اس کا برا منانا بنتا تھا اور یہی ہوا منہ پھلا کے بولا اس میں اتنا ہنسنے کی کیا بات ہے مجھے پتا چلا تیری ٹانگوں میں درد ہوتا ہے میں یہ مرغی کی ٹانگیں تیرے لئے لے آیا کہ ان کی یخنی پیئے گا تو تجھے افاقہ ہو گا ۔ میں نے کہا برائلر مرغی کی ٹانگوں کی یخنی سے میری ٹانگوں کا درد جاتا رہے گا ۔ بولا ہاں مجھے کسی نے بتایا تھا میں لے آیا ۔ میں نے اس سے کہا میرے معصوم دوست جو مرغا خود اپنی ٹانگوں پر کھڑا نہیں ہو سکتا اس کی ٹانگوں کی یخنی مجھے کیا فیض پہنچائے گی ۔

بات آئی گئی ہوگئی مگر آج یہ برائلر مرغیاں اور ان کی ٹانگیں مجھے شدت کے ساتھ اس لئے یاد آرہی ہیں کہ ایک بار پھر میرے پیارے وطن میں میرے عزیز ہم وطنوں نے کنٹرول شیڈ میں ڈھیروں کے حساب سے برائلر مرغیاں تیار کرنا شروع کردی ہیں ۔میرے عزیز ہم وطنوں نے 2002 میں بھی پرویز مشرف کے لئے باقاعدہ طور پر ایک کنٹرول شیڈ میں ڈھیروں کے حساب سے برائلر مرغیاں تیار کی تھیں اور یوں مسلم لیگ ق کا وجود عمل میں آیا تھا مگر جب 2008 میں اصل اور اصیل مرغوں نے اپنے پنجرے توڑتے ہوئے میدان عمل میں دوبارہ سے قدم رکھا تو میرے عزیز ہم وطنوں کے کنٹرول شیڈ میں تیار ہونے والے یہ برائلر مرغے اور مرغیاں اپنی ٹانگوں پر کھڑے نہ رہ سکے کچھ تو دیسی دانا چگنے کے لئے مسلم لیگ ن اور کچھ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے اور وہاں کی دیسی اور اصلی خوراک سے پروان چڑھ گئے جنہوں نے مسلم لیگ ق میں رہ کر اصیل کا مقابلہ کیا وہ کب کے قصہ ماضی بن چکے ۔

نیازی خان کی تحریک جو گذشتہ19سال سے وینٹی لیٹر پر سانسیں لے رہی تھی 2011 میں ان کی تحریک کے مینار پاکستان والے شو میں ایک بار پھر میرے عزیز ہم وطنوں نے اپنے کنٹرول شیڈ کو استعمال میں لاتے ہوئے برائلر مرغوں اور مرغیوں کا رخ نیازی خان کی تحریک کی جانب موڑ دیا ان مصنوعی طور پر تیار کردہ مرغوں اور مرغیوں کو 2013 کے اکھاڑے میں اصیل مرغوں کے مقابلے میں اتار دیا مگر ہوا وہی جو ہونا تھا پہلا دوسرا اور تیسرا پانی بھی اصیل مرغوں کا مقدر ٹھہرا برائلر برائلر ہی ثابت ہوئے اپنی ٹانگوں پر کھڑے نہ رہ سکے حالانکہ تاحال کنٹرول شیڈ میں دھڑا دھڑ پیداوار جاری ہے اور نیازی خان کی تحریک میں ان کی کھپت بھی جاری ہے مگر ملکی سیاست سے آگاہی رکھنے والے انکی کارکردگی سے مطمئن دکھائی نہیں دیتے۔

میرے عزیز ہم وطنوں کے یہ کنٹرول شیڈ کافی عرصے سے کام کر رہے ہیں اس لئے اب وہ اس کاروبار میں کافی مہارت حاصل کر چکے ہیں مگر کبھی کبھی ان مرغوں اور مرغیوں کی تیاری میں کچھ ایسا نقص یعنی مینوفیکچرنگ فالٹ رہ جاتا ہے جو بعد میں تیار کنندگان کے لئے بھی پریشانی کا باعث بنتا ہے کچھ ایسی ہی صورتحال مرد مومن مرد حق کے کنٹرول شیڈ میں تیار ہونے والے برائلر مرغوں کے بڑے بھائی کے سلسلے میں بھی پیش آئی کہ ایک وقت ایسا بھی آ گیا کہ اس نے نہ صرف اپنے کنٹرول شیڈ بلکہ خالقین کو بھی ٹھونگیں مارنا شروع کر دیں صرف یہی نہیں بلکہ بڑے بھائی نے خود باہر بیٹھ کر نہ صرف کنٹرول شیڈ بلکہ پورے ملک کے خلاف نفرت انگیزی کی انتہا کر دی ۔ یہ وہ لمحہ تھا جب میرے عزیز ہم وطنوں کو آیندہ کے لئے برائلر مرغوں کی تیاری سے ہمیشہ کے لیے تائب ہو جانا چاہیے تھا مگر کہاں ہمارے ساتھ اس سے بڑے بڑے معاملات ہو چکے اس کے باوجود ہم نصیحت حاصل کرنے کو تیار نہیں یہی وجہ ہے کہ گزشتہ دنوں ایک بار پھر کراچی کے ایک کنٹرول شیڈ میں دو برائلر جماعتوں کو یکجا اور یک جان کرنے میں میرے عزیز ہم وطن ملوث پائے گئے جن کی آٹھ ماہ کی ان تھک محنت کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان کی اتنی محنت سے تیار کی جانے والی ہانڈی بیچ چوراہے میں پھوٹ گئی اور اس میں تیار شدہ دال تا حال جوتیوں میں بٹ رہی ہے۔

اس سے قبلJIT کی تشکیل میں واٹس ایپ کا استعمال اور ان کا انداز تحقیق پھر ان کی تحقیقات کے نتیجے پر مبنی فیصلہ پوری قوم میں ایک تفریق کا باعث بن چکا ہے مگر اس کے باوجود میرے عزیز ہم وطنوں نے کوئی سبق نہیں سیکھا اس کا واضح ثبوت NA 120 کے انتخابات کے موقع پر پھر دیکھنے کو ملا جب چوالیس کے قریب امیدوار اس انتخاب میں اتارے گئے ان میں کچھ ایسے آزاد امیدوار بھی شامل تھے جن کا تعلق جن تنظیموں کے ساتھ ظاہر ہوا ان کے بارے میں کافی تحفظات پائے جاتے ہیں اس الیکشن میں بھی مصنوعی اور برائلر ٹائپ جماعتوں کو منہ کی کھانی پڑی ۔یہ الگ بات کہ برائلر مرغے اس الیکشن میں اصیل مرغوں کی کچھ غذا ہڑپ کرنے میں کامیاب رہے مگر پھر بھی کامیابی اصیلوں کا مقدر بنی ۔

مزید آگے بڑھتے ہیں تو میرے عزیز ہم وطنوں نے اب پرویز مشرف کو ایک بار پھر طاقت کا مرکز بنانے کے لئے صرف اپنے تیار شدہ برائلر مرغے نہیں بلکہ پورے کے پورے23 کنٹرول شیڈ ان کے حوالے کر دیئے کہ اس سے زیادہ ان کے بس میں اور کچھ تھا ہی نہیں مگر جاننے والے یہ بھی جانتے ہیں کہ یہ تمام کے تمام شیڈ کمزور ٹانگوں والے برائلر مرغے تو پیدا کر لیں گے مگر ان میں اتنی صلاحیت نہیں کہ کوئی ایک بھی اصیل مرغا پیدا کر سکیں جو اپنی ٹانگوں پر کھڑا ہونے کی طاقت رکھتا ہو پھر ایسی سہی لا حاصل سے کیا فائدہ ۔

پاکستان سے بے انتہا پیار کرنے والے اس نا چیز پاکستانی کی اپنے عزیز ہم وطنوں سے دست بستہ التماس ہے۔ دست بستہ اس لئے کہ ہم اپنے عزیز ہم وطنوں سے از حد پیار کرتے ہیں وہ ہمیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہیں اس لئے کہ وہ ہماری خاطر اپنی جانوں کے نذرانے دیتے ہیں ۔اس لئے عزیز ہم وطنوں سے اپیل ہے کہ از راہ کرم کمزور ٹانگوں والی برائلر مرغوں پر مشتمل سیاسی جماعتیں بنانے کا سلسلہ فوری طور پر روک دیا جائے اور اصلی اور اصیل جماعتوں کو پروان چڑھنے کا موقع فراہم کیا جائے کہ اسی میں پیارے پاکستان کی بہتری ہے۔ پیارا پاکستان جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو۔۔۔

SHARE

LEAVE A REPLY