کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ پیر کو پاکستان آئیں گی

0
797

پاکستان کی بھارت کو ڈیڈ لائن کام کر گئی، بھارت نے اپنے جاسوس کلبھوشن یادیو کی پاکستان آنے والی اہلیہ اور والدہ کی سفری تفصیلات سے آگاہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں پیر کو پاکستان آئیں گی، کلبھوشن سے ملاقات کے بعد 25 دسمبر کو ہی کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کی بھارت واپسی ہوگی ۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گرفتار بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو کی اہل خانہ سے ملاقات کی تیاریاں مکمل کر لی تھیں مگر بھارت بار بار پوچھنے کے باوجود اس کے اہل خانہ کی سفری تفصیلات فراہم نہیں کر رہا تھا۔

پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ آج رات تک مطلوبہ تفصیلات نہیں دی گئیں تو ملاقات کرانا مشکل ہو جائے گا۔

اس سے پہلے کی خبر کے مطابق

بھارت کلبھوشن یادیو کے اہل خانہ کی پاکستان کے سفر کی تفصیلات فراہم نہیں کر رہا، اس لیے پاکستان نے بھارت کو ڈیڈ لائن دے دی کہ اگر آج رات تک کلبھوشن کے اہلِ خانہ کی سفری تفصیلات نہ بتائیں تو بھارتی جاسوس سے اس کی والدہ اور بیوی کی ملاقات کرانا مشکل ہو گا ۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کلبھوشن یادیو کی یہ ملاقات دفتر خارجہ میں کرائی جانا ہے، اسے لانے اور روٹ کی سیکیورٹی کے لیے وقت درکار ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے کلبھوشن کی اس کے والد اور والدہ سے ملاقات کرانے کا کہا تھا لیکن کلبھوشن نے کہا کہ و ہ اپنی اہلیہ سے ملنا چاہتا ہے، پاکستان نے اس کی خواہش پوری کی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق کلبھوشن کی اس کی بیوی اور والدہ سے متوقع ملاقات کا دورانیہ 15منٹ سے ایک گھنٹے تک ہو سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات دفتر خارجہ میں اس لیے رکھی گئی کیوں کہ پاکستان کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں، اگر کچھ چھپانا ہوتا تو بھارتی میڈیا کو کوریج کی پیشکش نہ کی جاتی ۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات ایک سفارتکار ہو گا جو ائیرپورٹ سے ملاقات تک کلبھوشن کے اہل خانہ کے ساتھ ہو گا، دفتر خارجہ ملاقات کی تصاویر اور وڈیو جاری کرے گا۔

کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کی دفتر خارجہ آمد اور روانگی کی میڈیا کوریج کر سکے گا، کوریج کے لیے خصوصی پاسز جاری کیے جائیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY