ریڈیو ملازمین، پینشنرز کا احتجاج۔
پینشنرز کو پھر لالی پاپ
اسلام آباد: ریڈیو پاکستان کے ملازمین اور پینشنرز نے منگل کو وزیراعظم آفس کے سامنے شاہراہ دستور پر تنخواہوں اور پینشن کی دو ماہ سے عدم ادائیگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ریڈیو ملازمین نے لاہور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے۔
ڈائریکٹر جنرل نے اعلیٰ حکام سے بات چیت کے بعد ریڈیو ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہے۔
تاہم پینشن کے حوالے سے گومگو کیفیت برقرار ہے۔ پینشنرز کو بتایا گیا ہے کہ پینشن کی ادائیگی کیلئے کیس ای سی سی میں بھیجا جائے گا جس کے بعد پینشنرز کے اضطراب اور پریشانی میں شدید اضافہ ہوا ہے۔ ریڈیو پاکستان کے بزرگ پینشنرز دو ماہ سے پینشن نہ ملنے کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں ۔ پینشنرز نے ڈی جی ریڈیو پاکستان سمیت اعلیٰ حکام کی پینشرز کے حوالے سے بے حسی پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ، وزیر اطلاعات مریم اونرنگزیب اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی مالی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے۔














پریس ریلیز
مورخہ10 جون 2023
پینشنرز کی پینشن میں موجودہ کیا جانے والا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔چیئر مین محمد اسلم عادل بٹ
موجودہ کمر توڑ مہنگائی نے ریٹائرڈ ملازمین کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے روز مرہ کی ضروریات زندگی کی اشیاء ان کی قوت خرید سے باہر ہوتی جارہی ہیں۔سیکرٹری جنرل اورنگزیب تنولی
ادویات کی قیمتوں میں چار سو فیصد اضافہ اور ڈاکٹروں کی مہنگی فیسوں کی وجہ سے ضعیف العمر پینشنرزاپنا علاج کروانے سے قاصر ہیں ۔ سینیئر نائب صدر محمد رضوان
آج مورخہ 10جون 2023 کو وفاقی بجٹ کے سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس جناب محمد اسلم عادل بٹ صاحب ، چیئرمین، آل پاکستان ریلویز پینشرز ایسوسی ایشن کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں تمام مرکزی عہدیداران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت فرمائی ۔ اجلاس میں موجودہ مخلوط حکومت کی جانب سے ریٹائرڈسرکاری ملازمین کی پینشن میں کئےجانے والے ساڑھے17 فیصد اضافہ کوتمام عہدیداروں کی جانب سے متفقہ طور پرمسترد کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین جناب محمد اسلم عادل بٹ ، صدر جناب یحیٰ جان خٹک صاحب سیکرٹری جنرل جناب اورنگزیب تنولی صاحب اور سینیئر بائب صدر جناب محمد رضوان صاحب نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔اپنے خطاب کے دوران چیئرمین محمد اسلم عادل بٹ صاحب نے کہا ہے کہ پینشنرز کی پینشن میں مہنگائی کے تناسب سے یہ اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ۔سیکرٹری جنرل جناب اورنگزیب تنولی کی جانب سےمیاں محمد شہباز شریف وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان اورمحمد اسحاق ڈار وفاقی وزیر خزانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور چئیرمین سینٹ کی توجہ پینشنرز کو درپیش مالی مشکلات کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ موجودہ کمر توڑ مہنگائی نے ریٹائرڈ ملازمین کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے روز مرہ کی ضروریات زندگی کی اشیاء ان کی قوت خرید سے باہر ہوتی جارہی ہیں ۔ اس قلیل پینشن کی رقم میں گیس اور بجلی کے بل کی ادائیگی ممکن نہیں رہی ہے ۔نائب صدر جناب محمد رضوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کیا جارہا ہے ۔ بڑھتی ہوئی ادویات کی قیمتوں اور ڈاکٹرز کی فیسوں کی وجہ سے یہ ضعیف العمر پینشنرز جن کی اکثریت مختلف مہلک بیماریوں کا شکار ہونے کی وجہ سے چارپائیوں پر ہےکم آمدنی کے سبب یہ بروقت اور بہتر علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم ہوچکے ہیں ۔ اجلاس کے اختتام پر آل پاکستان ریلوے پینشنرز ایسوسی کے عہدہ داران نے مسلسل بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی کے مقابلےمیں حکومت کی جانب سے پینشن کی مد میں کئے جانے والے ساڑھے سترہ فیصد اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان ، وزیر خزانہ پاکستان اور چیئر مین سینیٹ سے اس فیصلہ پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے پینشن کی مد میں کیا جانے والا یہ اضافہ ناکافی ہے ۔ کیونکہ دال ،چینی، آٹا ،گھی،دودھ ،گوشت اور سبزیوں کی قیمتوں میں چالیس فیصد سے زیادہ اضافہ کے ساتھ ساتھ ادویات کی قیمتوں میں چارسو فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔جبکہ پینشن میں ساڑھے سترہ فیصد اضافہ ضعیف العمر پینشنرز کے ساتھ ظلم وزیادتی کے مترادف ہے ۔ لہذا مطالبہ کیا جاتا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں بھی حاضر سروس ملازمین کی تنخواؤں میں کیئے جانے والے اضافہ کے برابر اضافہ کیا جائے ۔ علاوہ ازیں ریٹائرڈ ملازمین کو دیئے جانے والے میڈیکل الاؤنس میں گزشتہ کئی سالوں سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے بڑھتی ہوئی ادویات کی قیمتوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انکو دیئے جانے والے میڈیکل الاؤنس میں کم ازکم سو فیصد اضافہ کی جائے۔ تاکہ یہ ضیف العمر پینشنرز، بیوائیں اور یتیم بچے بھی اس معاشرے میں باعزت اور باوقار زندگی گزارنے کے قابل ہوسکیں اور صحت کی بنیادی سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔
منجانب ۔
اورنگزیب تنولی
سیکرٹری جنرل آل پاکستان ریلوے پینشنرز ایسوسی ایشن
https://aalmiakhbar.com/archives/115157