بہت لکھا خود اندازہ کر لیں کہ پہلی بار 1975 میں کاغذ اور قلم سے رشتہ جوڑا تھا ملتان سے ایک روزنامہ ” امروز ” کے نام سے نکلا کرتا تھا اس سے ابتدا ہوئی اور ساتھ میں ریڈیو پاکستان ملتان ۔ میں لکھتا رہا اور بولتا رہا مگر بہت کم ایسے لمحات آئے کہ مجھے بولتے ہوئے ہچکچاہٹ محسوس ہوئی ہو یا لکھتے ہوئے میرے ہاتھ کانپے ہوں آج جب میں غور کرتا ہوں تو پتا چلتا ہے کہ بولتے اور لکھتے ہوئے میرے پاس اس وقت الفاظ ختم ہو جاتے ہیں جب بھی میں اپنے محترم اساتذہ کرام میں سے کسی کے بارے میں لکھنا یا بولنا چاہتا ہوں آج بھی ایسی ہی کیفیت ہے ۔

بہت عرصہ پہلے کی بات ہے پاکستان کا قیام عمل میں آیا لاہور ریڈیو سے خوشی کا بھرپور تاثر لئے ایک آواز نے سننے والوں کے کانوں میں رس گھول دیا ہر دل شاد ہو گیا پاکستان زندہ باد کے نعرے چہار سو بلند ہونے لگے ہر سننے والا یہ اعلان بار بار سننا چاہتا تھا کیا خوش نصیب ٹھہرے محترم مصطفی ہمدانی کہ انہی کی خوشی سے سرشار آواز میں لاہور ریڈیو سے اعلان ہوا ۔ ” یہ ریڈیو پاکستان ہے” اور کیا خوش نصیب ٹھہرے ممتاز براڈکاسٹر محترم صفدر ہمدانی کہ وہ انہی ممتاز براڈکاسٹر محترم مصطفی ہمدانی کے صاحبزادے ہیں اور کیا خوش نصیب ٹھہرا یہ نا چیز طارق بٹ کہ اسے انہی صفدر ہمدانی کا شاگرد ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔

جب آپ اسلام آباد ریڈیو میں پروگرام پروڈیوسر تھے تو آپ کے ساتھ کام کرنے اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا مجھے آج بھی یاد ہے کہ ایک ڈرامہ کے دو سین آپ نے اسلام آباد ریڈیو کے مین گیٹ کے باہر جھاڑیوں میں ریکارڈ کئے تھے اور شاید یہ آوٹ ڈور میں ریکارڈ کئے جانے والے ریڈیو ڈرامے کے پہلے سین تھے بعد میں آپ کی نقالی کرتے ہوئے ایک ریڈیو ڈرامے کے کچھ سین میں نے بھی راول جھیل میں کشتی میں بیٹھ کر ریکارڈ کرنے کی جسارت کی تھی جو کافی پسند کی گئی۔ صفدر ہمدانی صاحب کا رکھ رکھاو اپنی جگہ مگر پیار محبت بھی مثالی ہے مجھ نا چیز کو تو اسلام آباد G-9 میں موجود ان کی رہائش گاہ پر کئی بار ان کے ہاتھ کی بنائی اعلی چائے پینے کا بھی اعزاز حاصل ہوتا رہا ۔

ٹیلی ویژن پر جن ماہ پارہ زیدی کی خبریں سن سن کر ہم اپنا اردو کا تلفظ درست کیا کرتے تھے وہ محترم خاتون بعد میں آپ کی زوجہ کی حیثیت سے ماہ پارہ صفدر کہلانے لگیں اور پھر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ دونوں میاں بیوی پاکستان چھوڑ کر ہمیں اداس کر گئے اس دوران محترم صفدر ہمدانی نے کچھ عرصہ اپنے آپ کو جاپان ریڈیو سے منسلک رکھا اور پھر ایک طویل عرصہ آپ اور ماہ پارہ بھابھی برطانیہ میں بی بی سی کے ساتھ وابستہ رہے ۔

میں نے بھی آپ سے سیکھا ہوا کام جاری رکھا اور اسی کام کے سلسلے میں برطانیہ کے ایک ٹیلی ویژن سے میں بھی منسلک ہو گیا وہاں ایک دن ریسپشن پر محترم کا ٹیلی فون آیا احوال دریافت کرنے کے بعد بولے یہ کس قسم کے چینل کا انتخاب کیا ہے تمہاری وجہ سے مجھے یہ چینل بھی دیکھنا پڑتا ہے بہت شرمندہ ہوا مگر اپنی مجبوری بیان کی تو محترم سے ڈھیروں دعاہیں پائیں ۔ محترم ایک طویل عرصہ براڈکاسٹنگ کی دنیا میں گزارنے کے بعد آجکل ” عالمی اخبار ” کے نام سے برطانیہ سے اپنا اخبار نکال رہے ہیں جس میں اس نالائق قلم کار کا کالم ” باتوں باتوں میں ” بھی باقاعدگی سے شامل ہو رہا ہے اور یہ جناب کی اس نا چیز کے ساتھ خصوصی محبت اور شفقت کی وجہ سے ممکن ہو رہا ہے آپ نہ صرف عالمی اخبار کے چیف ایڈیٹر ہیں بلکہ پاک یورو جرنلسٹ فورم کے چئیرمین بھی ہیں ۔ محترم صفدر ہمدانی نہ صرف اعلی پائے کے براڈکاسٹر ہیں بلکہ بے مثال اور انقلابی شاعر بھی ہیں میری ناقص معلومات کے مطابق آپ مختلف ممالک میں مجالس پڑھنے کے لئے بھی تشریف لے جاتے رہتے ہیں مگر مروجہ دینی بزنس کرنے والوں کی طرح اس کار خیر کا کوئی عوضانہ نہیں لیتے اس لئے کہ محترم فروغ دین اور تبلیغ کے لئے معاوضہ کو جائز نہیں سمجھتے

آج کے دور میں جب ہر طرف ایک منڈی لگی ہے بہت کم ہوں گے جو محترم صفدر ہمدانی کے نقش قدم پر چلتے ہوں گے ۔ چند دن پہلے محترم کا پیغام ملا کہ وہ فروری میں پاکستان تشریف لا رہے ہیں اور مجھے بھی شرف ملاقات بخشیں گے اس تحریر کے بعد میں نہیں جانتا کہ کس منہ سے ان کا سامنا کروں گا لیکن ہر لمحے یہ دعا ضرور کرتا رہوں گا کہ رب کائنات محترم صفدر ہمدانی کے لئے ڈھیروں آسانیاں فراہم فرماہیں آمین ۔۔۔

طارق بٹ

SHARE

LEAVE A REPLY