انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین جاری 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسری ٹیسٹ کے آخری دن اش سودھی اور نیل ویگنر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو یقینی فتح سے محروم اور میچ کو ڈرا کردیاجبکہ نیوزی لینڈ نے سیریز 0-1 سے اپنے نام کر لی۔
منگل کو کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ نے ہدف کے تعاقب میں 42 رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 25 اور جیت راول 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
انگلینڈ کے لیے دن کا آغازکسی اچھے خواب سے کم نہ تھا ، جب اسٹورٹ براڈ نے دن کی پہلی 2گیندوں پر جیت راول اور کپتان کین ولیمسن کو آؤٹ کر کے بہترین آغاز کیا۔
66 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ گری جب روس ٹیلر 13 رنز بنانے کے بعد جیک لیچ کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی وکٹ بن گئے۔
ہینری نکولس بھی 13 صرف رنز بنا سکےاور جب مارک وُڈ نے بی جے واٹلنگ کی اننگز کا خاتمہ کیا تو 135 کے مجموعی اسکور پر آدھی کیوی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
نیوزی لینڈ پر شکست کے بادل اس وقت گہرے ہونے لگے جب ٹام لیتھم 83 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد جیک لیچ کی وکٹ بنےاور اس وقت نیوزی لینڈ کی شکست صاف نظر آ رہی تھی کیونکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 6 وکٹیں گنوا چکی تھی اور دن کے تقریباً 60 اوورز کا کھیل باقی تھا۔
چھ وکٹیں گرنے کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم اور اش سودھی وکٹ پرآئے اور اگلے 25 اوورز تک بیٹنگ کرتے ہوئے میچ بچانے کی کوشش میں لگ گئےتاہم گرینڈ ہوم 97 گیندوں پر 45 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
تب میزبان ٹیم کے اش سودھی اور نیل ویگنر نے ایسا دفاعی انداز اپنایا کہ ناممکن کو ممکن کر دکھایا، سودھی نے نئے بلے باز نیل ویگنر کے ساتھ اگلے 30اوورز تک بیٹنگ کی اور انگلینڈ کو یقینی فتح سے محروم کردیا۔
ان کی عمدہ دفاعی بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے انہوں نے اتنے اوورز کھیل کر صرف 37 رنز بنائے، ویگنر نے 107 گیندوں پر صرف 7 رنز بنائے جبکہ سودھی نے 168 گیندوں پر 56 رنز کی زبردست دفاعی اننگز کھیل کر میچ کو ڈرا کرادیا۔
پانچویں دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے تھے، انگلینڈ کی جانب سے مارک وُڈ، اسٹورٹ براڈ اور جیک لیچ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ کے ڈرا ہونے پر نیوزی لینڈ نے سیریز 0-1 سے اپنے نام کر لی جبکہ ٹم ساؤتھی کومین آف دی میچ اور ٹرینٹ بولٹ کومین آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔











