سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں پر شاید کچھ وارد ہوا ہے، جو لوگ چھوڑ کر گئے ان کا تعلق ہماری جماعت سے نہیں تھا۔
نواز شریف نےاسلام آباد کی احتساب عدالت میں صحافیوں سےغیر رسمی گفتگو میں کہا کہ لودھراں کے الیکشن میں 180 ڈگری کا ٹرن آیا تھا، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے میری صدارت پر ووٹ نہیں دیا تھا،یہ لوگ ہماری نظرمیں تھے ، یہلوگ سیاست کوبدنام کرتےہیں،ایسے لوگوں کا آنا جانا لگا رہتاہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں شہباز شریف نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے، لودھراں کا الیکشن ہمارے ریکارڈ ترقیاتی کاموں پر اعتماد کا اظہار تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاپتا افراد کا معاملہ ملک کا بہت بڑا ایشو ہے، کسی کو لاپتا کر دینا ایک بہت بڑا جرم ہے،کیا لاپتا افراد کےوالدین اور بچوں کی زندگی سکون سےگزرے گی؟
نواز شریف نے کہا کہ جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت کی وہ نیب عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں اور جنہوں نے کرپشن کی اور ملک کا پیسہ لوٹا وہ ملک کی سیریں کرتے پھر رہے ہیں۔
چوہدری شجاعت کی کتاب سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کتاب پڑھ کر پھر اس پر تبصرہ کروں گا۔












