وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ تعلیم کے شعبے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا، میرا عظمیٰ قریشی کی تقرری میں کوئی عمل دخل نہیں تھا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگر کسی کے کیخلاف کوئی تبصرہ کرنا ہو تو ایک طریقہ ہوتا ہے۔ کسی کو بھی ان پڑھے لکھے وائس چانسلرز کو ذلیل کرنے کا حق نہیں ہے۔ تمام وی سیز پڑھے لکھے اور پروفیشنلز ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ میں نے ہمیشہ تعلیم کے شعبے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔ میرا عظمیٰ قریشی کی تقرری میں کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ چیف جسٹس کو میرے کیخلاف چارج شیٹ دینی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم سب اس ملک کے خیر خوا ہیں، ہم نے اس ملک کی خدمت میں پوری عمر لگا دی، ہم نے مغرب کی بڑی آفرز کو ٹھکرا کر ملک کیلئے کام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی وزیرِاعظم آج تک اپنی مدت پوری نہیں کر سکا۔ اگر ہم انھیں کھیلوں میں لگے رہے تو ملک کبھی ترقی نہیں کر سکے گا۔ ہمیں اس ملک میں امن اور استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ اگر ہم ایک دوسرے کیساتھ گتھم گتھا ہوں گے تو معاملات نہیں چل سکیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ میری تقریر چیف جسٹس صاحب کیلئے نہیں بلکہ سی پیک سے متعلق تھی۔ آج تقریر میں یہ بتایا کہ ہمیں چین کے ساتھ مل کر کام کیسے کرنا ہے۔













