چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اگلے ہفتے سے 14 مئی تک مسلسل جلسے کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور کے لکشمی چوک میٹرو اسٹیشن پر ریلی کے شرکاء سے اختتامی خطاب میں عمران خان نے کہا کہ 14 مئی کو الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے سے 14 مئی تک جلسے کروں گا، جب تک الیکشن نہیں ہوتے سانس نہیں لیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے اوپر قاتلانہ حملے ہوئے کسی کو پرواہ نہیں، قوم کا نقصان ہورہا ہے ان کو پرواہ نہیں ہے۔

زمان پارک سے لکشمی چوک تک نکالی گئی ریلی کے اختتام پر عمران خان اپنی رہائشگاہ کےلیے روانہ ہوگئے۔

اس سے قبل ریلی کے آغاز کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ میں اپنی ریلی شروع کررہا ہوں، قوم ریلی میں شرکت ضرور کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم سے کہتا ہوں کہ آپ جہاں بھی ہیں، ریلی میں شرکت ضرور کریں، آپ آئین، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کےلیے گھروں سے باہر نکلیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو ملک کا آئین ختم ہوجائے گا۔

دوسری طرف اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی زیرو پوائنٹ سے ایف 8 پہنچ گئی، جو ایف 9 پارک کی جانب رواں دوراں ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY