سابق وزیراعظم نوازشریف نے خلائی مخلوق کا بیان دیا، ان کی پارٹی کے صدر شہباز شریف نے خلائی مخلوق کے وجود کی تردید کردی۔

جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نہ کوئی خلائی مخلوق ہے اور نہ کوئی خوفزدہ ہے، سب کو آئین اور قانون کا احترام کرنا چاہئے، ملک کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے، جھوٹے الزامات نہیں لگانا چاہیے۔

شہباز شریف نے مخالفین کو مشورہ دیا کہ ہڑتالیں نہ کریں ، لاک ڈاؤن نہ کریں اور دھرنے نہ دیں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جہلم میں ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں سہولیات کا معائنہ کیا، انہوں نے اسپتال میں دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے مریضوں سے معلومات بھی لیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تمام ڈی ایچ کیو اسپتالوں کو بہتر بنایا جارہاہے،اب پنجاب میں مریضوں کو ماضی کے مقابلے میں بہتر طبی سہولیات میسر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں کامیابی کے بعد جہلم میں ایک اور نیا اسپتال بنائیں گے،ترقی کا یہ سفر کافی لمبا ہے جسے ابھی بہت آگے لے جانا ہے، اب اسپتالوں سےکرپشن کامکمل خاتمہ ہورہا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی لیڈرشپ یہاں آئیں اور دیکھیں اسپتال کیسے بنتے ہیں

SHARE

LEAVE A REPLY