نگران وزیر اعظم کون ہوگا ؟ ابھی انتظار کیجئے

0
1055

حکومت کی پانچ سالہ مدت ختم ہونے میں 9 دن باقی رہ گئے، نگران وزیر اعظم کی تقرری کے عمل میں تیزی آگئی، نگران وزیر اعظم کون ہوگا ؟ اس حوالے سے وزیر اعظم عباسی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ میں حتمی مشاورت کیلئے آج فیصلہ کن ملاقات ہوگی۔

شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ میں آج ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگی، قوی امکان ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر متفقہ طور پرنگران وزیراعظم کا نام فائنل کر لیں گے، جس کے بعد اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نگران وزیراعظم کا اعلان کریں گے، اس حوالے سے وزیراعظم عباسی اور خورشید شاہ نے اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کر لی، دونوں اطراف سے پیش کئے گئے ناموں پر تبادلہ خیال ہوچکا ہے، ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں میں اس حوالے سے اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ وزیر اعظم عباسی اور خورشید میں نگران وزیر اعظم سے متعلق آج پانچویں بار مشاورت ہوگی۔

ن لیگ اور پی پی کی جانب سے نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیے گئے نام سامنے آگئے، پیر کو پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری نے نگران وزیر اعظم کیلئے سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف اور سابق سیکرٹری خارجہ و امریکہ میں سابق سفیر جلیل عباس جیلانی کے نام تجویز کیے، آصف زرداری نے ذکا اشرف اور جلیل عباس جیلانی کو الگ الگ ٹیلی فون کر کے امید کا اظہار کیا کہ آپ کی زیر نگرانی انتخابات ہوئے تو کسی کو شکایت نہیں ہوگی۔ دنیا نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی نے تیسرا نام سلیم عباس جیلانی کا تجویز کیا ہے۔

ادھرمسلم لیگ نے بھی تین نام تجویز کیے ہیں جن میں سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی، سابق چیف جسٹس ناصرالملک اور سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین کے نام شامل ہیں، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی طرف سے جو نام پیش کئے گئے ہیں اس میں جسٹس (ر) تصدق جیلانی اور عشرت حسین کے نام مشترکہ ہیں۔ تحریک انصاف نے ڈاکٹر عشرت حسین، تصدق جیلانی اور عبدالرزاق داؤد کے نام دیئے تھے۔ جماعت اسلامی نے ڈاکٹر عبدالقدیر کا نام تجویز کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگران وزیراعظم کے لیے متفقہ نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے اور اب کابینہ پر مشاورت جاری ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY