پاکستان کرکٹ ٹیم نےکپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت اسکاٹ لینڈ کو پہلے ٹی 20 میچ میں 205رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔

ایڈنبرا میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4وکٹ کے نقصان پر 204رنز بنائے ۔

گرین شرٹس کے اوپنرز فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 33رنز کی شراکت قائم بنائی۔

اسکاٹ لینڈ کو پہلی کامیابی ایونز نے دلوائی، انہوں نے 14رنز پر کھیل رہے احمد شہزاد کو بیرنگٹن کی مدد سے قابو کیا۔

سرفراز الیون کی دوسری وکٹ 46 کے اسکور پر گری ،اس بار ایونز نے کراس کی مدد سے فخرزمان کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 1چھکے اور 2چوکوں کی مدد سے 21رنز بنائے تھے۔

یک بعد دیگرے دو وکٹیں گر جانے کے باعث سرفراز احمد اور حسین طلعت نے 41رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی تاہم87 کے مجموعی اسکور پر حسین طلعت کا بیرنگٹن کی گیند پر حمزہ طاہر نے کیچ لیا، انہوں نے 2چوکوں کی مدد سے 18رنز بنائے ۔

کپتان سرفراز احمد کا نئے آنے والے بیٹسمین شعیب ملک نے بھرپور ساتھ دیا ، دونوں کھلاڑیوں نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف 96رنز کی شاندار شراکت قائم کی، اس دوران پہلے سرفراز احمد اور بعد ازاں شعیب ملک نے اپنی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

  اوور19 کی آخری گیند پر 5چھکوں کی مدد سے 53رنز بنانے والے شعیب ملک کی وکٹ بھی ایونز کے حصے میں آئی ،یہ ان کی میچ میں تیسری وکٹ تھی۔

کپتان سرفراز احمد نے اسکاٹش اٹیک کے خلاف کیپٹنز اننگز کھیلی اور 49گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے شاندار 89رنز اسکور کیے، وہ ناقابل شکست رہے تاہم انہوں نے حریف ٹیم کو ایک بڑا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY