عالمی اخبار ہلکی پھلکی اور مختصر گفتگو کا ایک نیا سلسلہ شروع کر رہا ہے ، بینا کی نابینا باتیں۔۔ہمیں یقین ہے کہ سلسلہ آپ کو پسند ٓآئے گا، اس سلسلے کو لندن میں مقیم ادب نواز اور شوقیہ گلوکار بینا تحریر کریں گی۔ ہماری درخواست پر بینا نے اپنا تعارف بھی منفرد اور مختصر انداز میں اس طرح کروایا ہے
میں بینا ہوں اور لندن میں رہتی ہوں۔ ایک ایسی عورت جو خدا کو اور اس کے لوگوں کو پیار کرنے والی اور لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والی ہے۔ اپنے لفظوں سے دل کے نابینا لوگوں کو بینائی بخشتی ہوں۔
قارئین اپنی رائے سے ضرور مطلع کریں۔
صفدر ھمدانی۔ مدیر اعلیٰ ،عالمی اخبار، لندن
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
پتھر سمجھ کے دور سے ٹھکرا کے جا نہ یار
ہوسکتا ہے یہ قیمتی ہیرا ہو میرا دل
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جب میں تم سے ناراض ہوتے ہوں نہ تو میری نیند بھی مجھ سے روٹھ جاتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجھے معاف کرنا کیونکہ میں تم سے کبھی نہیں مل سکتی اسکے لئے مجھے اور جینا پڑے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جب تم کہیں گم ہو جاتے ہو نہ!
تو پھول بھی مجھے اپنی خوشبو سے محروم کر دیتا ہے اور چاند بھی اپنی روشنی کو بادلوں میں چھپا لیتاہے اور چڑیاں ۔۔۔۔وہ بھی مجھ سے چھپ کر چہچاتی ہیں۔ مختصرا یہ کہ میں زندگی کی ہر آس تے بہت دور ہوجاتی ہوں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
6,10,26
یاد رہے! جس دن میں نے تم سے وقت مانگنا چھوڑ دیا نا، تو میں بھی وقت کی طرح بے رحم ہو جاؤں گی۔۔۔۔!
کاش صرف آج کے دن اگر تم اپنا غصہ اور انا ایک طرف رکھ کر میرے اس خاص دن پہ مجھ سے بات کر لیتے تو میرا دن خوشیوں سے بھر کر اور بھی خاص ہو جاتا اور مجھے دن بھر یوں اکیلے سوچوں کے ساتھ نہ گزارنا پڑتا۔ کیا میں نے کبھی ایسا نہیں کیاپھر آج میں اس دن کیوں تنہا ہوں؟ کیوں تم میری خوشی میں شامل نہیں ہوئے؟ بس ایک آج کا دن ہی تو تھا تھوڑی دیر کے لئے بھول جاتے۔ کیا پتہ یہ آخری سال ہو ؟کیا پتہ مجھے اگلے سال یہ دن دیکھنا نصیب ہی نہ ہو؟ میری زندگی کا بہت اہم دن اس وہم میں گزر گیا کہ میرا کوئی اپنا میرے ساتھ شریک ہو گا میری خوشی میں لیکن افسوس۔۔۔۔
……………………………….
23,9,26
خاموشی نے میرے کان میں چپکےسے کہا، سنو! اب کی بارمجھے ٹوٹنے مت دینا۔
———————————–
میں نے خود کو اسوقت بہت بےبس محسوس کیا جب اس نے مجھے سننا چھوڑ دیا اور مجھے اس موڑ پر لا کھڑا کیا جہاں خاموشی اور تنہائی کی علاوہ کچھ نہیں تھا پھر میں نے خاموشی سے باتیں کرکےاس کو اپنا دوست بنا لیااور تنہائی کو محفل میں بدل دیا۔ اب مجھے خاموشی سے ڈر نہیں لگتا اور تنہائی سے وحشت نہیں ہوتی
————————————
ایک گہرے تعلق نے مجھے باندھ کے رکھا ہے ورنہ میرا میرے گھر میں کام ہی کیا ہے۔
———————————–
دیکھو نہ اب تو اپنی خودی کو مار رہی ہوں میں کیا اب بھی مجھے تم اپنے قابل نہیں سمجھتے؟
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
9/8/26
کبھی کبھی مجھے خود سے بہت ڈر لگنے لگتا ہے۔ جتنی باتیں میں خود سے کرتی ہوں کہیں میرا وجود ایک دن مجھ سے
باہر آکر میرے سامنے آ کیا تو؟
————————————
آج اپنے گھر کا آیئنہ صاف کرتے کرتے سوچنے لگی کہ لوگ خود آیئنہ گندہ کر کے دوسروں سے اسے صاف کرنے کی توقع کیوں رکھتے ہیں؟ بات ہے تو سوچنے والی۔
————————————
بہت اچھا کرتے ہو جو ہر بار مجھے میری اوقات یاد دلاتے ہو کہ میں کسی چیز کے قابل نہیں، نہ پیار کے، نہ حوصلہ افزائی کے اور نہ ہی کوئی مشورہ دینے کے۔ مجھے یہ احساس دلاتے رہنا تاکہ مجھے یہ افسوس نہ رہے کہ میرے جانے کے بعد تمہیں میرے کھونے کا دکھ ہوگا۔
———————————–
کبھی کبھی تو مجھے اپنی اتنی یاد آتی ہے کہ بس دل کرتا ہے میں سب کچھ چھوڑکر خود سے لپٹ جاؤں اور کبھی واپس نہ آؤں۔
…………………………..
19.7,26
میری زندگی کے سب سے خوبصورت لمحات وہ ہونگے جب ڈاکٹر سب کو یہ کہےگا کہ اب میرے پاس کم وقت رہ گیا ہے اور میں اچانک سب کے لئے عام سے خاص ہوجاؤں گی اور پھر سب کے پاس میرے لئے وقت ہوگا اور مجھے خوش رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے لیکن افسوس کہ میرا دل نہیں کرےگا دنیا چھوڑ کے جانے کو مگر جانا تو ہوگا نہ۔ مجھے اس وقت کا انتظار رہےگا۔
———————————
کیا ایک عورت تذلیل کی زندگی تاحیات منہ پہ جھوٹی ہنسی سجا کر آسانی سے گزار سکتی ہے؟ نہیں نہ پھر وہ پاگل کیوں نہیں ہو جاتی کہ اس کے اس درد میں کچھ کمی ہی آجائے!
———————————
انسان کی سب سے بڑی بے بسی وہ ہے جہاں اس کو ایک روح کی طرح زندگی گزارنی پڑے۔ جہاں اسے اپنی موجودگی چیخ چیخ کے بتانی پڑے اور پھر بھی کسی کو کوئی فرق نہ پڑے۔ ایسا انسان کسی زندہ لاش سے کم نہیں۔
————————————
پہلے میں اپنی ماں سے ملنے ڈھیر سارے بھاری سامان کے ساتھ جایا کرتی تھی لیکن آج میرے پاس سامان توہلکا ہے لیکن دل بہت بھاری۔ کوشش کرونگی کہ جب واپس آؤں تو اپنا وہ نازک حصہ ماں کوسونپ دوں جس کو پیار اور ہمدردی کی ضرورت ہے۔ ماں تو ماں ہوتی ہے نہ کسی بھی ٹوٹی چیز کو جوڑنا بخوبی آتا ہے اسے۔ وہ ٹھیک کر دے گی اسے آتا ہے ٹھیک کرنا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
14/4/26
تم جانتے ہو کہ تمہاری خاموشی میرا دل بند کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔
———————————–
مھجے بہت اچھا لگتا ہے جب وہ جس بات کا دوسروں کو رعب سے حکم دیتا ہے اسی بات کی وہ مجھ سے اجازت لیتا ہے اور میں جو بات اوروں کو کہتے ہوئے جھجک محسوس کرتی ہوں اسی بات پہ اس کو فخر سےحکم دیتی ہوں جیسے خود سے ہی باتیں کر رہی ہوں۔ یہ رشتہ بہت ہی پیارا ہے کیونکہ یہ دل کا رشتہ ہے۔
———————————-
میرے ساتھ وقت گزارو گے تو ہی میری زندگی کے وہ اوراق بھی عیاں ہوں گےجو میں نے مدت سے موڑ رکھے ہیں ایک نشانی کے طور پر جن کو تمہارے علاوہ کوئی اور نہیں سمجھ سکتا۔ جب مکمل تنہا ہوگے تو پڑھنا مجھے۔
………………………………………………………
10/3/26
اپے ماضی کے تلخ واقعات کو بار بار یاد کر کے پریشان ہوتے ہیں تو ہم خود ہی اپنی ذات کو اذیت دیتے ہیں۔ ہمیں ان یادوں کو بلکل اسی طرح دفنا دینا چاہیے جیسے کے مرنے کے بعد کسی مردے کو دفنایا جاتا ہے۔
اگر ہم ماضی کے غموں کو یاد کر کر کے زندہ رکھیں گے تو ایک دن وہ ہمیں ہی مار دیں گے۔ سو خود کو حال میں زندہ رکھنا سیکھئے کیونکہ وہ برا وقت تو کب کاچلا گیا۔ خود سے پیار کرنا شروع کریں گے توہی پتا چلے گا کہ زندگی کتنی خوبصورت ہے۔
————————————
میں نے تو خاک میں جانے کا فیصلہ کیا تھا، تم نے تو مجھے خاک میں ملا دیا۔
———————————–
کبھی کبھی اپنی زندگی کو گلے لگا کر رو لیا کریں۔ زندگی سے پیار کرو گے تب ہی آسانی سے گزار سکوگے
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
14.10.25
تمہاری خاموشی میرے لئے موت ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ تمہاری پل بھر کی خاموش سے میں ایک دن ہمیشہ کے لئے خاموش نہ ہو جاؤں۔
———————————-
میں نے کل شہنائی میں تنہائی کو محسوس کیا۔ بہت سے لوگ میرے ارد گرد خوشی منا رہے تھے، ناچ گانا، ہنسی مزاق چل رہا تھا۔ میں نے بہت کوشش کی اس ماحول میں خود کو ڈھالنے کی مگر اچانک ایک ایسا لمحہ آیا کہ میں بھری محفل میں تنہائی محسوس کرنے لگی اور میری آنکھیں آنسوؤں سے بھر گئیں۔ جب آپ کا دل اندر سےہی خوش نہ ہو تو نہ تو آپ کو آپکے اردگرد کے لوگ دکھائی دیتے ہیں اور نہ ہی شور ہنگامہ سنائی دیتا ہے کیونکہ آپ ذہنی طور پہ وہاں موجود نہیں ہوتے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
16/9/25
آج کے دن میرے والد اس جہان فانی سے رخصت ہوئے۔ مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے جن لوگوں کی آنکھوں میں میرے والد کی زندگی میں میرے لئے شرم و حیا اور والد کاڈر ہوا کرتا تھا، جن کے دل میں عزت واحترام ہوتا تھا اور انکے ہاتھ میرے سر پہ پیار کے لئے بڑھا کرتے تھے۔ میرے والد کے مرنے کے ٹھیک دوسرے ہی دن ان کی آنکھوں میں ہوس، دل میں گندگی اور غلاظت نے جگہ لے لی اور ہاتھ میرے سر کی بجائے میرے جسم کی طرف بڑھے اور پھر اگلے ہی پہر میرے والد کے ساتھ میرے بچپن کو بھی دفنا دیا گیا۔ کہا گیا کہ اب تمہارا باپ نہیں ہے اب تم نہ تو گڑیا سے کھیل سکتی ہو اور نہ بلاوجہ ہنس سکتی ہو۔ میں نے گڑیا توڑ کے پھینک دی کیونکہ میرے بابا کی گڑیا بھی تو ٹوٹ چکی تھی۔

میں اپنا بچپن اب جیتی ہوں، وہ سب کچھ کرتی ہوں جو مجھے بچپن میں کرنا تھا مجھے اپنی گڑیا کی یاد نہیں آتی جو میں نے توڑ دی تھی۔ لیکن میری زندگی کی کمی جو میں نے ایک باپ کی صورت میں کھوئی اسکی بھرپائی کبھی نہیں کر سکی۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
20/8/25
مجھ سے زیادہ ناکام عورت شاید کوئی بھی نہیں ہوگی جس کی سوچ کو ابھرنے سے پہلے ہی اپنے سخت رویوں اور تزلیل سے دبا دیا جاتا ہے اور وہ خود کو بےکار سمجھنے لگتی ہے اور اپنی صلاحیتوں کو کسی کے پیروں کی دھول بنا کر اڑا دیتی ہے۔ میرا خیال ہے کہ ایسی عورت دنیا پہ بوجھ ہے۔
—————————
میرے لئے دوسروں کی خوشی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔ میرا رب جانتا ہے کہ میں بلکل بھی خود غرض نہیں ہوں لیکن پھر بھی میں ہی کیوں لوگوں کے تلخ رویوں کے زیراثر آتی ہوں۔ مجھ پہ ہی کیوں سب کا غصہ اترتا ہے۔ کیا یہی میرا اصل مقام ہے؟ کیا میں اسی لائق ہوں؟
—————————-
میں نے ہمیشہ تمہاری کامیابی پہ تمہیں داد دی اورحوصلہ بڑھایا۔ تمہارے ہر مشکل وقت میں لفظوں کو مرہم بنا کر یہ یقین دلایا کہ میں تمہارے ساتھ ہوں۔ لیکن جب میں گری تو تم نے کیوں دنیا کا ساتھ دیا؟ تم نے کیوں میری ہمت نہیں بڑھائی؟ تم نے کیوں میرا ساتھ چھوڑ دیا؟ دیکھو نا ؟ آج میں خود کو کتنااکیلا محسوس کر رہی ہوں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
21/7/25
میری خاموشی کو مت چھیڑو یار، بہت شور بھرا ہے اس کے اندر۔
,,,,,,,,,,,,,,
جب تک ہم ایک رابطے کو مکمل طور پر ختم نہیں کر دیتے چاہے وجہ کوئی بھی کیوں نہ ہو ، ہم دوسرا رشتہ نہیں نبھا سکتے۔ یقین جانیں آپ اس رشتے کاصحیح حق ادا نہیں کرسکتے اور اگر آپکو کہیں نہ کہیں ایسا لگتا ہے کہ آپ ٹھیک کر رہے ہیں تو معاف کیجئے گا آپ خود کودھوکہ دے رہے ہیں اور دوسرے کو اذیت۔ رابطے رہیں گے توآپ خود اگر نہ بھی چاہیں آپکو پہلے والاشخص یاد کراتا رہے گا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,
رابطے ختم کرنا جانتے ہیں کسے کہتے ہیں؟ جہاں آپ سب دیکھتے ہوئے بھی اندھے ہو جائیں، سب کچھ سنتے ہوئے بھی بہرے ہو جانا، سب کچھ محسوس کرتے ہوئے بھی بے حس ہوجانا۔ اگر آپ یہ نہیں کر رہے تو آپ دوسرے کو اس بات کا فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں کہ وہ آپ کے ساتھ جیسے اس کا دل چاہے رویہ اختیار کر سکےاور آپ کو بیٹھے بٹھائے ذہنی دباؤ کاشکار کر سکے۔ اب فیصلہ آپ لےہاتھ میں ہے۔
………………………………………
13/7/25
جب میں خود کو بہت تنہا سمجھتی ہوں تو میں محفل ڈھونڈتی ہوں تاکہ میں خود کو بہلا سکوں اور جب مجھے سچ میں محفل کی طلب ہوتی ہے تو پھر میں اپنے اندر کی دنیا کو باہر بلا کے دل بہلا لیتی ہوں۔
——————————-
جب تالے لگ جاتے ہیں تب ہی تو جالے بھی گھر بنا لیتے ہیں۔ اسی طرح جب تعلقات ختم ہو جاتے ہیں تو چہرے بھی دھندلے پڑ جاتے ہیں اور کان بھی بہرے ہو جاتے ہیں- کوئی ہوتے ہوئے بھی دکھائی نہیں دیتا اور کسی کی موجودگی بھی نہ ہونے کے برابر محسوس ہوتی ہے۔
———————————
ہم پیار میں تو اندھے ہو سکتے ہیں لیکن دوستی میں نہیں۔ دوست کا چناؤ کرتے وقت ہم اپنے اندر کی آنکھ بھی کھول لیتے ہیں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,
31/5/25
خاموشی اتنی گہری ہوگی اب کے کہ اسکی چیخیں تمہاری روح تک کو ہلا دے گی۔
اگر خود کے کہے گئے تلخ الفاظ کو محسوس کرنا ہوتو تو کبھی اپنے ہی آنسو پی کر دیکھنا۔ سینے میں آگ نہ لگ گئی تو میرا نام بدل دینا۔
میں نے تو تمہارے آگے سر جھکا دیا تھا یہ کہہ کر کہ جو سزا دوگے قبول ہوگی مگر رشتہ نہیں ٹوٹنے دوں گی۔ مجھے کیا پتہ تھا کہ تم میرا سر ہی قلم کر دوگے؟
میں نے آج اتنی خود کلامی کی، آج خود کو ہی مار ڈالا ہے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
05/05/25
میں نے جب باہر برسات ہوتے دیکھی تو مجھے ایک دم اپنے اندر کاموسم یاد آگیا۔
————————————-
تم جہاں بھی جاؤ گے نہ مجھے بھی اپنے ساتھ لے جانا اپنی آنکھوں میں چھپا کر۔ کسی کو پتہ نہیں چلے گا۔ میں تمہاری آنکھوں سے سارے منظر دیکھ لوں گی اور تمہیں بھی لگے گا کہ میں تمہارے ساتھ ہوں۔
————————————-
میں اب بدل گئی ہوں ۔اب مجھے کسی بات سے فرق نہیں پڑتا۔ اب مجھے درد نہیں ہوتا۔ اب میرے اندر دل نہیں پتھر ہے اور پتھر بے جان ہوتے ہیں۔
………………………………
12/4/25
عورت اور مرد کی برداشت میں کتنا فرق ہوتا ہےنہ؟ بہت سے مرد بات کر کے تھوڑی دیر بعد بھول جاتے ہیں جبکہ عورت اس بات کتنی بار بلکہ بار بار سنتی ہے۔ اس بات کی گونج کتنے سالوں یا پھر تاحیات اس کا پیچھا کرتی ہے لیکن وہ پھر بھی زندہ رہتی ہے۔
——————————
تہمت ایک ایسی مہلک بیماری ہے جو اگر کسی پہ لگ جائے تو جینا حرام کر دیتی ہے۔ چاہے بعد میں وہ غلط ہی ثابت کیوں نہ ہو آپ کے دل کو معوف کر دیتی ہے کہ ہم اپنے اردگرد ایک خول بنا لیتے ہیں تاکہ کوئی بھی ہم سے بات نہ کرے۔ یہ ایک ایسا گرہن ہے جو رشتوں کو ایک بار لگ جائے تو ساری زندگی کے لئے اپنے نشانات چھوڑ جاتا ہے اور ہم اپنی باقی کی زندگی صفائی دیتے دیتے اپنی عزت نفس کو اپنے ہی ہاتھوں
……………………………..
27/3/25
کل رات اس کی خواہش مجھے دیکھنے کی تھی۔ شاید وہ دیکھناچاہتا تھا کہ وہ آنکھیں جو کبھی اسکو بہت پسند ہوا کرتی تھی۔ وہ خالی ہوکر میرے چہرے کی ویرانی کو کیسے نمایاں کرتی ہیں، یا شاید میری وہ مسکراہٹ دیکھنا چاہتا تھا جس پہ وہ مر مٹتاتھا اداسی میں ڈھل کر کیسی لگتی ہے۔ اسے لگا میں اب بھی اسی کی منتظر ہوں.
اسے کیسے بتاؤں کہ وہ میرے لئے اب کچھ بھی نہیں ہے۔ اس کے سائے سے نکل کر تروتازہ ہوگئی ہوں اور نکھر گئی ہوں۔ سچ میں کئی رشتے ہمارے لئے گلے میں بندھے ہوئے اس پٹے کی مانند ہوتے ہیں جو ہمیں اپنے ساتھ وہاں بھی گھسیٹ کے لے جاتے ہیں جہاں ہماری ضرورت نہیں ہوتی۔
جب وہ گیا تھا توخالی ہاتھ نہیں گیا تھا۔ وہ میرے وجود کے ٹکڑے کر کے اس کا ایک حصہ اپنے ساتھ لے گیا تھا جو اب میرے لئے ناکارہ ہے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
11/3/25
جب میں ڈوب رہی تھی تو تب مجھے ساتھ چاہیے تھا- ارے اب تو میں نے خود کو تیرنا سکھا لیا ہے مگر بہت دفعہ دیکھا کہ تم آؤ گے اور بچا لو گے مجھے ڈوبتا دیکھ کر۔ میں نے خود کو خود ہی بچایا ہے تو پھر میں ہی اپنی سب سے اچھی دوست ہوئی نا!
——————————-
کہا تھا نہ مجھے جو مرضی کہہ لو لیکن میرے اندر کے بچے کو کچھ مت کہنا! دیکھو نا اب وہ کتنا سہم گیا ہے۔ اب وہ تم سے کھل کر کچھ بھی نہیں کہہ پائے گا۔ پتا نہیں اب مجھے اسکو منانے میں کتنا وقت لگے گا؟ اسی کی وجہ سے تو میں کھل کر سانس لیتی اور ہنستی ہوں۔ میں اسے کبھی کچھ نہیں ہونے دوں گی۔
——————————-
تم مجھے جہاں چھوڑ کے گئے تھے کیا تمہیں لگتا ہے کہ میں ابھی تک وہیں ہوں؟ تم مجھے چھوڑ کر نہیں بلکہ زندہ دفن کر گئے تھے۔ اب تم واپس آنا چاہتے ہو لیکن میں تو اب بہت دور جا چکی ہوں۔ میرے پاس تو واپس آنے کی کوئی وجہ باقی ہی نہیں رہی۔
——————————–
اب تو میں وہاں بھی ہنس دیتی ہوں جہاں رونا بنتا ہے
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
27/2/25
میں بہت دور جا چکی تھی اس نے جب آواز دی لیکن مجھے میری خودی نے ہاتھ پکڑ کر روک لیا۔ مجھے واپس جانے ہی نہیں دیا۔ میں نے پھر بھی ضد کی تو اس نے میرے پاؤں میں میری عزت نفس کا تالا لگا دیا اور مجھے روک لیا۔
———————————
یہ تعلق اتنا مہنگا تھا کہ میرے پاس جتنی جمع پونجی تھی سب لگا دی پھر بھی کچھ حاصل نہ ہوا
———————————
میں نے زمین کے اوپر کچے گھروں میں مردے اور زمین کے نیچے پکی قبروں میں زندہ لاشیں دیکھیں۔ میرا دل بھر آیا۔ میں کافی دیر تک یہی سوچتی رہی کہ کیاخاص ہونے کے لئے مٹی کے نیچے جانا ضروری ہے؟
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
4/2/25
دھوکے کھانے سے ہماری بینائی اچھی ہو جاتی ہے اسی لئے مجھے آج تک کبھی عینک کی ضرورت نہیں پڑی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جب میں جیت گئی تو وہ رو پڑا اور جب میں ہار گئی تو وہ جیت گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اور جب مجھ سے باتیں کرنے کے لئے آخر میں میں ہی بچ گئی تو پھر میں نے خود کو اپنا دوست بنا لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جس دن میں کسی سے بات نہیں کر سکتی اس دن مجھے قلم بھی بہت بھاری محسوس ہونے لگتا ہے کیونکہ وہ بھی میرے الفاظ کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہو جاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب جب تم میرے پاس آؤ گے نہ تو انا کو کہیں دور چھوڑ کے آنا دیکھنا میں تمہیں کتنی خوبصورت، اچھی اور پیار کرنے والی عورت نظر آؤں گی اور دیکھنا تم بھی کتنا ہلکا محسوس کروگے۔ انا نہ صرف آنکھوں بلکہ دل و دماغ کو بھی اندھا کر دیتی ہے کہ سامنے والا کتنا ہی اچھا کیوں نہ ہو برا لگنے لگتا ہے، میٹھی آواز بھی کڑوی محسوس ہوتی ہےاور خوشبودار کردار میں سےبھی بو آنے لگتی ہے۔
……………………….
25/1/25
میں نے تو تمہیں اپنی آنکھوں میں بسایا تھا تاکہ تم میرے آنسوؤں کے سیلاب کو روک سکو مگرتم نے تو میری آنکھوں میں سمندر اتار دیا۔
————————————-
میں اپنی اس عادت سے بہت تنگ ہوں اگر کوئی اپنی زندگی میں میری اوقات دکھا دے تو پھر میں اس کے سامنے خود کو اپنے اندر کسی ایسے گوشے میں آنکھیں بند چھپا لیتی ہوں جہاں مجھے کوئی نہ دیکھ سکے۔
————————
معیاری چیز کو حاصل کرنے کے لئے آپ کو اس کی کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ چیز جتنی معیاری ہوگی قیمت بھی اتنی ہی بھاری ہوگی بلکل ایسے جیسے ہم ایک دوسرے سے امیدیں لگا لیتے ہیں کہ یہ میری عزت کرے اور خدمت کرے جس سے میرے دل کو تسکین ہو تو اس کے بدلے میں آپ کو بھی اس کو وہی عزت، پیار اور مقام دینا پڑےگا جو آپ اس سے چاہتے ہیں۔ اگر نہیں دیں گے تو آپ کو دوسری طرف سے بھی امید رکھنے کا کوئی حق نہیں۔
……………………….
18/1/25
سرد لہجوں سے روحیں بھی ٹھنڑی پڑ جاتی ہیں۔ ذرا لہجوں میں گرمی لے کر آئیں صاحب! تاکہ دوسروں کو اس کی حدت سے اپنے زندہ ہونے کا احساس ہو۔ مردوں کو سرد خانوں میں اسی لئے جگہ دی جاتی ہے کیونکہ وہاں زندگی کا کوئی امکان نہیں ہوتا۔
————–
میں جب اسکی تعریف کرتی ہوں تو فخر سے اس کی گردن تن جاتی ہے ، دل خوشی سے بھر جاتا ہے اور چہرے پہ ایک خاص مسکراہٹ آجاتی ہے۔ کیا میری مسکراہٹ اسے اچھی نہیں لگتی؟
————-
میں ہمیشہ تمہارے الفاظ میں اپنے لئے خوشبو تلاش کرتی رہی۔ ایک دن جب میں مر جاؤں گی اور تم میری قبر پر جو پھول لے کر آؤ گے نہ؟ مجھ سے تو وہ خوشبو کوسوں دور ہو گی۔ مت لانا پھول بس چند پیار بھرے الفاظ بول دینا، ان کی خوشبو مجھ تک ضرور پہنچیں گی۔ کیا پتہ ان کی حرارت سے میرے جسم میں پھر سے خون دوڑنے لگے اور میں زندہ ہو جاؤں ؟
————–
میں تمہارے پاس پوری آئی تھی۔ اب میری آدھی زندگی ہوگئی اور میں کتنے حصوں میں بٹ چکی ہوں مگر مجھے بس اسی حصے کی تلاش ہے جو تم میں کہیں کھو گیا ہے اگر وہ حصہ مجھے مل جائے تو باقی کی زندگی سکون سے گزر جائے گی
,,,,,,,,,,,,,,,,
16/1/25
مجھے تمہارے قہقہے کی آواز بہت پسند ہے کانوں میں رس گھولتی ہے یہ۔ کبھی کبھی یہ آواز بہت دیر تک میرے کانوں میں گونجتی رہتی ہے اور مجھے گلاب کے پھول کی طرح کھلا دیتی ہے۔
————————
کبھی کبھی بہت ساری باتیں کر نے کے بعد بھی مجھے سکون نہیں ملتا۔ جب سامنے والا ہی سننے میں دلچسپی نہ رکھے تو ساری کہی جانے والی باتیں میرے پاس واپس لوٹ آتی ہیں پھر ان میں سے خوشبو نہیں بلکہ بدبو آتی ہے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
12/1/25
کتنی حیرت ہے نہ کہ جب ہم ایک جگہ سے اکتا جاتے ہیں تو کچھ دنوں کے لئے کسی دوسری جگہ چلے جاتے ہیں تاکہ اپنے دل و دماغ کو ترو تازہ کر سکیں نئے ماحول میں کچھ وقت گزار کر اور پھر واپس اپنا وہی گھر ہمیں بہت اچھا لگنے لگتا ہے کیونکہ وہ آرام اور سکون ہمیں وہیں حاصل ہوتا ہے۔
ہم ایک مدت سے خود میں ، اس بدن میں رہ رہے ہیں اگرچہ یہ اتنا پرانا ہوگیا ہے کہ جیسے کھنڑرات۔ ہم چاہے اس سے کتنے بھی کیوں نہ اکتا جائیں ہمارے پاس کوئی اور ذریعہ نہیں کہ ہم اس کو چھوڑ کے کچھ لمحوں کے لئے کہیں اور چلے جائیں۔ کاش ہم ایسا کر سکتے تو ہمیں اپنی قیمت کا اندازہ ہوتا اور ہم اور بھی زیادہ خود سے پیار کر سکتے۔۔۔۔۔کاش ایسا ممکن ہوتا۔
………………………
9/1/25
میں اس کے نقش قدم پہ تب تک چلتی رہی جب تک میری آنکھوں کو ان قدموں کے نشانات دکھائی دئیے۔ جہاں وہ نقش میری آنکھوں سے اوجھل ہوۓ میں نجانے کن رستوں پہ نکل پڑی کہ اب واپسی کا امکان بھی دکھائی نہیں دیتا۔
———————–
غصہ وہ ہتھوڑا ہے جو ایک ضرب پہ رشتوں کی بنیادیں تک ہلا سکتا ہے اور اگر پی لیا جائے تو کسی زہر سے کم نہیں۔
———————-
مجھے جو بھی کہنا ہے کہہ لو مگر میرے اندر کے بچے کو کچھ مت کہنا کیونکہ اس میں میری جان بسی ہے اور اگر اسے کچھ ہوا تو میں مر جاؤں گی۔
…………..
4/1/25
آج میں نے اپنی اندر کی شرمیلی اور ڈر سے چھپی ہوئی عورت کو ہاتھ پکڑ کر ہمت دلا کر بڑے پیار سے باہر نکالا اور یہ یقین دلایا کہ اب اپنا کردار نبھانے کی اسکی باری ہے۔ اب حوصلہ کر کے اسے خود کو منوانا پڑےگا۔ اس کے راستے میں رکاوٹیں تو آئیں گی لیکن اسے سب سے مقابلہ کر کے خود کو ایک مضبوط عورت ثابت کر کے اور ہر بات کا سامنا کر کے اپنا نام کمانا ہوگا اور اب میں اس کی جگہ پہ بیٹھ کر تماشہ دیکھوں گی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جب میرے جسم سے میری روح کی لڑائی ہوتی ہے تو جیت ہمیشہ روح کی ہوتی ہے۔ مجھ سے رشتہ قائم کرنے سے پہلے ہزار بار سوچنا پڑے گا کیونکہ میں روحانی تعلق بنانے کی قائل ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میرے الفاظ تب ختم ہوئے جب اس نے میری باتیں سن کر بھی ان سنی کر دیں جو کبھی میری ان کہی باتیں بھی سمجھ جایا کرتا تھا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
رواں سال 2024کی آخری تحریر
31/12/24
سال2004کے آخری دن میں آخری پہاڑ ٹوٹا۔ اچھا ہوا ورنہ اس کا اثر بہت کچھ برباد کر دیتا۔ اب نئے سال میں نئی امیدیں ہوں گی اور نئی باتیں بھی۔
آج اس کے سرد لہجے سے میرے اندر کے احساسات برف کی طرح ٹھنڈے پڑ گئے۔ اب ان کی سرد مہری برقرار رہےگی اور ایک دن خود بخود ہی پگھل کر بہہ جائیں گے اور میں بےحس بن جاوں گی۔
کتنے چہرے ہیں آس پاس میرے کتنے چہروں میں آج تنہا ہوں
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
30/12/24
میں جب بھی آئینہ دیکھتی ہوں تو مجھے اپنے ہی کئی چہرے دکھائی دیتے ہیں مگر ان میں مجھے کوئی بھی چہرہ مکمل نظر نہیں آتا۔ شاید مجھ میں جو جس کو اچھا لگتا ہے وہ رکھ لیتا ہے جیسے کہ میری ہنسی اور جو اچھا نہیں لگتا وہ جاتے جاتے پاوں میں روند دیتے ہیں جیسے کہ میری خوداعتمادی۔ چلو جیتے جی کسی کے تو کام آرہی ہوں۔
…………….
میں نے بالشت سے بھی ناپا ہے، میرا دکھ خوشی سے ذیادہ ہے۔
…………….
28/12/24
پردیس میں کئی سالوں سے اپنوں سے دور رہنے والی کا دل اداس ہوا تو اپنے ملک میں بھائی کو فون ملایا۔ بھائی نے کسی بات پہ زور سے ڈانٹ دیا اور اس کو اپنی صفائی کا موقع نہ مل سکا۔ ابھی وہ اسی الجھن میں مبتلا تھی کہ فون کی گھنٹی سے وہ چونک پڑی ۔ فون اٹھایا تو دوسری جانب ایک مرد کی غصے میں دھاڑنے کی آواز نے اسکو ساکت کر دیا وہ اسکے ساتھ کام کرتا تھا اور اس کو صفائی کا موقع دئیے بغیر غصیلے لہجے میں الزام تراشی کر کے اسکی آدھی ادھوری بات میں ہی فون کاٹ دیا۔ وہ خود کو ابھی سنبھال ہی رہی تھی کہ اس کے شوہر نے اپنے پیر کے ساتھ ایک بیگ کو ٹھوکر مار کر چلا کر کہا کہ یہ یہاں کیا کر رہا ہے ؟ اسے اٹھاو اور واپس رکھو۔ ایک ہی وقت میں تین مردوں کا سخت لہجہ جیسے اس کے سر پہ کسی نے بہت وزنی چیز لاد دی ہو۔ مردوں کے لہجے زیادہ پراثر اور بھاری ہوتے ہیں کہ کسی عورت کے دماغ کو معوف کر سکتے ہیں
22/12/24
مجھے مٹی میں رول کر اس نے، اپنی مٹی سے میرا نام لکھا۔ انگلیوں سے بنا کے چہرہ میرا، میرا قصہ پھر تمام لکھا
…
میں بینا لوگوں کواپنی لو سے بینائی دینے والی نئے سال میں کئی رشتوں میں نابینا ہو جاوں گی۔ شاید تبھی ٹھیک سے دیکھ پاوں گی۔
…..
وہ مجھے آنکھوں سے آواز دیتا رہا اور میری آنکھیں اس کے لب ہلنے کا انتظار کرتی رہی اور کان اس کی آواز کو ترس گئے
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
19/12/24
مجھے کبھی ظاہری خوبصورتی نے متاثر نہیں کیا۔ جس کی آنکھوں میں مجھے سچائی نظر آتی ہے وہ شخص مجھے دنیا کاخوبصورت انسان لگتاہے۔
،،،،،،،،،،،،،،،،
مجھے بولنا اچھا لگتا ہے اور مجھے شور پسند ہے۔ خاموشی سے بہت ڈر لگتا ہے کیونکہ خاموشی کی آواز اتنی بلند ہوتی ہے کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ میرے کان کے پردے پھٹ جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لوگ بولتے وقت کیوں لفظوں کا صحیح چناو نہیں کر سکتے؟ کچھ اپنوں کے تلخ الفاظ میرے دل پہ نیل چھوڑ گئے۔
÷÷÷
مجھے کبھی ظاہری خوبصورتی نے متاثر نہیں کیا۔ جس کی آنکھوں میں مجھے سچائی نظر آتی ہے وہ شخص مجھے دنیا کاخوبصورت انسان لگتاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
16/12/24
ہمارے معاشرے میں ایک مرد کو یہ پورا پورا اختیار ہے کہ وہ ہر روز اپنی بیوی پہ اس کے بچوں کے سامنے جو مرضی توہین آمیز الفاظ کا استعمال کر کے اس کی عزت نفس کی دھجیاں اڑا دے اور یہ بھی نہ پوچھے کہ ان الفاظ سے وہ اپنے اندر کے کون سے احساس سے محروم ہو گئی۔
,,,,,,
کوشش کریں کھانے سے پہلے تلخ کلامی سے گریز کریں۔ یقین مانیں ایک ایک نوالہ حلق سے زہر کی طرح اترتا ہے جب آپ کو ساتھ آنسو بھی پینے پڑھ جائیں تو۔
,,,,,,,,,,,,,,,
اس نے اپنے بچوں کے سامنے میری تذلیل کی اور میں نے ہمارے بچوں کے سامنے جہاں مجھے لگتا بھی تھا کہ وہ غلط ہے اس کا ساتھ دیا۔ پھر بھی مجھے ہی غلط قرار دیا گیا۔
,,,,,,,,,,,
آنسو جب چھلک جائے تو آنکھ کو ٹھندک ملتی ہے لیکن اگر پینا پڑ جائے تو کسی آگ سے کم نہیں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
12/12/24
میں نے اس سال اپنے دل کا پنجرہ کھولا اور بہت سے رشتوں کو آزاد کر دیا جن کو میں نے اپنی امیدوں، اپنے پن یا پھر مجبوری کے پنجرے میں قید کر رکھا تھا۔ مجھے لگتا ہے ان رشتوں کے ساتھ میں نے خود کو بھی کہیں قید کر لیا تھا۔ ہائے اب میں نئے سال میں کھل کر سانس لوں گی یا پھر۔۔۔۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
سال 2004 آخری مہینہ ہے یہ دسمبر۔ دیکھیں یہ دسمبر کس کو اگلا سال دکھاتا ہے اور کس کو نئی زندگی دیتا ہے۔ ممکن ہے وہ یہ کام اگلے سال پہ ڈال دے اپنے ہا تھ جھاڑ کے۔ خود پہ کوئی الزام آنے ہی نہ دے
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
11/12/24
الفاظ بہت پر اثر ہوتے ہیں۔ یہ کسی مرتے ہوئے کو بھی اٹھا کھڑا کر سکتے ہیں اور کسی صحت مند کو بھی ہمیشہ کے لئے معزور کر سکتے ہیں۔ ہم ہر روز اپنے الفاظ سے کتنے لوگوں کو زندگی بخشتے ہیں اور کتنے لوگوں کو اندر ہی اندر مار دیتے ہیں؟
…..
جب میں اس کی توجہ کی محتاج ہو گئی تو میں نے بھی پودوں کو پانی دینا چھوڑ دیا۔ پھر میں نے اپنا کرب ان پودوں میں محسوس کیا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
9/12/24
میں واپس آنے والوں کے لئے نہ صرف میرے بازوبلکہ ہمیشہ دل کے دروازے بھی کھول کے رکھتی ہوں۔ پرندوں کو بھی پنجرہ تب یاد آتا ہے جب وہ آندھی اور طوفان میں اپنا سب کچھ کھو چکے ہوتے ہیں۔ لیکن ان کی واپسی پر پنجرے کا دروازہ کھلا چھو ڑ دیا جاتا ہے۔ اسی طرح واپس آنے والوں کے لئے میرے دل کے دروازے محض واپس آنے کے لئے ہی نہیں بلکہ جب چاہے چھوڑ کے جانے کے لئے بھی کھلے چھوڑ دیتی ہوں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
مجھے اب دور سے دھندلا دکھائی دیتا ہے۔ معزرت! آپ کو ذرا قریب آکر بتاناپڑے گا کہ آپ کون ہیں۔
,,,,,,,,,,,,,,
5/12/24
وہ مجھے ایک عرصہ سے مجھ میں ڈھوندتا رہا جبکہ میں اس میں کب کی مر چکی تھی۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
ہر بار تلخ الفاظ کہنے کے بعد معافی مانگنابالکل اسکے مترادف ہوتاہے کہ آپ کسی کو چوٹ لگا کر اس پر مرہم لگا دیتے ہیں فرق بس اتنا ہے کہ مرہم چوٹ کو کچھ دیر کے بعد ٹھیک کر دیتی ہیں مگر تلخ الفاظ روح پر ایساگہرا گھاو لگاتے ہیں کہ بعد میں معافی کے کہے گئے الفاظ بھی اسے ٹھیک نہیں کر پاتے
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
میں نے ہمیشہ خود کو حالات کے ساتھ بدلا ہے ۔ میرے بدلے تو وہ لیتا ہے جو آسمان پہ بیٹھا ہے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
4/12/24
سب نے اپنے رنگ دکھائےمیرے سب رنگ اتار کے۔
;;;;;;
وہ کبھی کبھی ہی سہی میری روح کی زیارت تو کرتا۔ میں یوں کبھی نہ بکھرتی اگر وہ میری تھوڑی سی بھی حفاظت کرتا۔
,,,,,,,
مجھے لوگوں سے ہارنے میں بہت مزہ آتا ہے۔ پتہ ہے کیوں؟ کیونکہ جیتنے کی خوشی سے جو ان کی آنکھوں میں چمک اور چہرے پہ مسکراہٹ آتی ہے تو مجھے اپنی ہار بھی جیت لگنے لگتی ہے۔ میری جیت لوگوں کے لبوں کی مسکراہٹ سے وابستہ ہے۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،
3/12/24
جب ہم کسی غمزدہ انسان کا غم بانٹ رہے ہوتے ہیں تو ہم ناصرف اس کو اپنا وقت دیتے ہیں بلکہ ہم اپنی زندگی کے حصےمیں سے اسکی خالی جگہ پر کر رہے ہوتے ہیں۔ اب دیکھیں میرے اندر کتنے حصے باقی رہ گئے ہیں بانٹنے کے لئے؟
…………
آنکھ کی بینائی کا چلا جانا معزوری نہیں کہلاتا مگر ہاں اگر آپ دل کی آنکھوں سے نابینا ہو چکے ہیں تو آپ سے بڑا کوئی معزور نہیں جو خدا کی بنائی ہوئی مخلوق میں اچھائی کو دیکھ نہیں سکے۔
……………………………………….
مجھے اکثر کہا جاتا ہے کہ تمہارے ساتھ گزارے ہوئے پانچ منٹ ہی کافی ہیں اپنے غموں کو بھول کر کھل کے ہنسنے کے لئے۔ انہیں کیا خبر کہ شمع کی لو جتنی تیز ہوتی ہے وہ اتنی ہی تیزی سے اندر ہی اندر ختم بھی ہوتی ہے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
جب عزت نفس مجروح ہوتی ہے تو پھر صرف زبان پہ ہی نہیں بلکہ دلوں میں بھی تالے لگ جاتے ہیں۔
2/12/24
,,,,,,,,,,,,,,,,
مجھے اپنے گھر والوں سے بہت محبت ہے۔ انہوں نے مجھے بچپن سے اب تک بہت پیار دیا مگر میں ان کی چند باتوں سے سخت خفا ہوں۔ میں جب بھی ناراض ہو کر کھانا نہیں کھاتی تھی تو وہ مجھے بار بار منا کر بلاخر کھانا کھلانے میں کامیاب ہو جاتے تھے اور جب میں روتی تھی تو کھل کے رونے بھی نہیں دیتے تھے فورا کمرے میں اکیلے پا کر سب کے ساتھ بٹھا دیتے تھے۔ اور میری چپ توڑ دیتے۔ اگر وہ ایسانہ کرتے تو آج میری زندگی کتنی آسان ہوتی۔
آج جب میں روتی ہوں تو مجھے کوئی نہیں مناتا، کوئی نہیں کہتا کہ کھانا کھا لو، بھلا کھانے سے کیا ناراضگی؟ اب میں آزادی سے کھل کے روتی ہوں اور میری چپ سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
جب میں خود کو ہنسا نہیں سکتی تو میں دوسروں کے چہروں کی ہنسی بن جاتی ہوں، جب میں خود کو دلاسہ نہیں دے سکتی تو میں اوروں کا سہارا بن جاتی ہوں اور جب میں ہار جاتی ہوں تو میں دوسروں کی فتح کی طاقت بن جاتی ہوں۔ میں نے کبھی اپنے دکھ کا بدلہ دنیا سے نہیں لیا ۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
جب اس کی مردانگی جاگی، تب میرے اندر کی عورت مر چکی تھی
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
صفدر ھمدانی، مدیر اعلیٰ، عالمی اخبار،لندن














Really she is very kind very nice listen all people wisely and help everyone without any greed… I never see that kind of women ever. I love her a lot she taught me like a elder sister. She is a lot for me lots of love and prayers ❣️❣️🌹. Love you so much Bina ji🤲🌹
متشکرم اینی سدا خوش رہیں
You are great Bina ji.. big respect and lots of love and prayers for you.❣️😘
bohat hi mukhtalif andaz per amooman sbohat se log is takleef se guzarty hain. stay blessed Bina G
جی بلکل درسے فرمایا ۔ بہت بہت شکریہ ۔ سلامت رہیں
bohat hi mukhtalif andaz per amooman sbohat se log is takleef se guzarty hain. stay blessed Bina G
💯 she is really nice and have always positive attitude towards everyone. Always helpful listen to others and try to make them feel better. And happy. Big respect 🫶🏻
بہت شکرگزار ہوں آپ کی دعاوں اور محبتوں کیلئے۔ ہمیشہ خوشوخرم اور شاد و آباد رہیں۔
♥️
Bina g the great.
بہت بہت شکریہ۔ ڈھیر ساری دعائیں
Bina g wah
شکرگزار ہوں آپ کی دل سے۔
ارےکیا کہنے بہت ھی منفرد انداذ ے بیان ھے
مشکور ہوں آپ کی حوصلہ افزائی کے لئے۔ سلامت رہیں۔
Zindge aur kuch bhe nahi teri meri kahani hai ❤️
نور سلامتی ہو آپ کی
Lots of love ❤️
مجھکو خیال ہے کہ تو میرا خیال ہے
اے مرکز خیال تیرا کیا خیال ہے
آتا ہے تو خیال میں کتنے خیال سے
تجھکو میرے خیال کا کتنا خیال ہے
واہ شیمز بہت خوب 🥰🥰
!!…آور پتہ ہے اذیت کیا ھوتی ہے
رات کی تاریکی میں میں اپنی ہی ہچکیوں کا گلا دبا کر
اپنے ہی ہاتھوں سے آنسو پونچھنا
بہترین
So proud to see Bina in the newspaper! She’s not just talented but also one of the kindest and most down-to-earth people I know. Truly an honor to call her my friend!
Khuda apko salamat rakhay Ameen!!
بہت بہت شکریہ اتنی عزت دینے کا۔ سلامتی ہو۔
Kamaal. 🫶🏻
Kamaal. 🫶🏻♥️
سلامت رہیں ♥️♥️
واہ کیا کہنے ہمیشہ ہی آپ نے الفاظ میں روح پھونکی ھے
بہت بہت شکریہ بھٹی صاحب ، آپ کے قیمتی الفاظ کسی اعزاز سے کم نہیں ہیں میرے لئے۔ سلامت رہیں۔
جب بھی لکھتی ہو اپنے احساسات اور جذبات کو ایسے الفاظ میں پرو دیتی ہو کہ پڑھنے والے کو الفاظ سُنائی بھی دیتے ہیں اور دیلھائی بھی دیتے ہیں بینم لکھتی رہو تاکہ پڑھنے والوں کو تلخ تجربات کو سادہ الفاظ میں سمجھنے میں آسانی ہو ✍️💯🌹
متشکرم۔ آپ کے ساتھ اور حوصلہ افزائی کی دل سے شکر گزار ہوں۔
Wahh Kia khoobsurat ilfaaz or ehsaasaat biyan kiye. Mujhe bohat acha lga.
میں آپ کی شکرگزار ہوں صائمہ🥰