فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ’ای‘ میں برازیل اور سوئزرلینڈ نے ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ناک آؤٹ مرحلے میں برازیل کا مقابلہ 2 جولائی کو میکسیکوکے ساتھ ہوگا جبکہ سوئزرلینڈ 3 جولائی کو سوئیڈن کے مدمقابل ہو گی۔
گروپ کے آخری میچز میں برازیل نے سربیا کو دو۔صفر سے شکست دی جبکہ سوئزرلینڈ اورکوسٹا ریکا میچ دو، دو گول سے برابر رہا۔
36 ویں منٹ میں برازیل کے مڈفیلڈر پاؤلنہو نے سربیا کے دفاعی کھلاڑی کو چکمہ دینے کے بعد گیند گول میں پھینک کر اپنی ٹیم کو ایک۔صفر کی برتری دلادئی۔ میچ کا پہلا ہاف اسی اسکور پر ختم ہوا۔
برازیل کی جانب سے دوسرا گول کھیل کے 68ویں منٹ میں تھیاگو سلوا نے نیمار کے پاس پر کیا۔
سربیا کی ٹیم نے میچ میں واپس آنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہی، یوں برازیل نے میچ دو،صفر سے جیت کر اگلے مرحلےمیں جگہ بنالی۔
گروپ’ای‘کا دوسرا میچ سوئزرلینڈ اور کوسٹاریکا کے درمیان کھیلا گیاجو دو، دو گول سے برابر رہا۔
میچ کا پہلا گول میچ کے 31ویں منٹ میں سوئزرلینڈ کے مڈفیلڈر بلیرم زیمیلی نے کیا لیکن 56 ویں منٹ میں کوسٹاریکا کے کینڈال واسٹن نے گول کرکے میچ ایک، ایک گول سے برابر کردیا۔
سوئزرلینڈ کے جوسپ ڈرمک نے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلائی، جسے اسٹاپیج ٹائم کے تیسرے منٹ میں برائن روئز نے برابر کردیا،یوں یہ میچ دو، دو گول سے برابری پر ختم ہوا۔












