احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں ایک سال کی قید سنائے جانے کے بعد کیپٹن رٹائڑڈ صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کیپٹن رٹائرڈ صفدر پاکستان کے کسی بھی ہوائی اڈے یا زمینی و سمندری روٹ سے پاکستان سے بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال قید اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو مجموعی طور پر 8 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔
کیپٹن (ر) صفدر بھی گزشتہ روز فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جن کے حوالے سے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں مانسہرہ میں موجود تھے۔













