سانحہ مستونگ پر امریکا، یورپی یونین کا اظہار مذمت

0
679

مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خود کش حملے پر امریکا، یورپی یونین اور جرمن سفیر کی جانب سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستانی عوام کو جمہوری حق سے محروم کرنے کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ امریکا رواں ہفتے کے دوران بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انتخابی امیدواروں پر ہونے والے حملوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔

بیان میں دشت گردی کے حملوں میں نشانہ بننے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید کا اظہار کیا گیا۔

اس کے علاوہ امریکا نے خطے میں دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بی اے پی کے انتخابی امیدوار کے قافلے میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں امیدوار سراج رئیسانی سمیت 128 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

اس سلسلے میں یورپی یونین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بھی مستونگ دھماکے کو پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے پیش نظر انتخابی مہم کے خلاف سلسلہ وار حملوں کی کڑی قرار دیا گیا۔

یورپی یونین کی جانب سے دھماکے میں نشانہ بننے والے افراد کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا گیا اور ان واقعات کی مکمل تحقیقات کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔

بیان میں اس بات کی توقع بھی ظاہر کی گئی کہ پاکستانی حکام پورے ملک میں جاری انتخابی سرگرمیوں کو محفوظ بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کریں گے تا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اور شہری انتخابات میں بلا خوف و خطر اپنے آئینی حقوق کا استعمال کرسکیں۔

اس کے علاوہ یورپی یونین کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان میں انتخابی عمل اور اس کے انعقاد کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن مبصر مشن بھی تعینات کیا جاچکا ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے مستونگ میں ہونے والے حملے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے مستونگ میں ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی مذمت کی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک قابل اور محب وطن سیاستدان سراج رئیسانی سے محروم ہوگیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY