تمہارے کف دست پر اپنا ہاتھ رکھ کر، نگہت نسیم

0
99

کلام محبت ۔۔۔۔۔۔۔۔

اے متاع چشم
میں سمندر کنارے کھڑی تمہیں ہی سوچ رہی ہوں
دل ہی دل میں دعا مانگ رہی ہوں
ہماری محبت کو
سمندروں جیسا دوام رہے
لہروں جیسی وارفتگی رہے
کبھی نا ختم ہونے والی روانی رہے
ہماری محبت
اتنی نرم روی سے ہمارے دل پر دستک دے
ریت کے ساحل پر جیسے جھاگ آتی ہے
خدا کرے
ہمارا ساتھ سمندروں جیسا وسیع و دلنشین ہو
جس کی صبح بھی روشن اور شام بھی حسین ہو
ہماری محبت کا سورج سدا طلوع رہے
اے متاع فخر
تمہارے کف دست پر اپنا ہاتھ رکھ کر
اپنے یقین کو اپنا ہم قسم بناتی ہوں
ہماری محبت
لہروں کی طرح ایک دوسرے کی ڈھارس رہے گی
سمندروں کے مزاج جیسی ہمیشہ ساتھ رہے گی
جب زمین کو پانی سیراب کرتا ہے ۔۔ پھل پھول اگتے ہیں
ہماری محبت بھی
ہم دونوں میں پھل پھول لگائے گی
ہمیں تمام عمر شجر ثمربار رکھے گی

ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

LEAVE A REPLY