(لوٹن (پ۔ر
سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر اور رکن اسلامی نظریاتی کونسل سید منظورحسین گیلانی کی کتاب ’’میزان زیست‘‘ کی تعارفی تقریب گذشتہ روز یہاں لوٹن میں ممتازسیاسی و سماجی شخصیت سید حسین شہید سرور ایڈوکیٹ کی رہائشگاہ ’’کاغان ہاوس‘‘ میں منعقد ہوئی۔
اس دوران مہمان اور میزبان کے علاوہ لارڈ قربان حسین، میئرلوٹن محترمہ نسیم ایوب، سابق میئر کونسلر ایوب چوہدری، علامہ قاضی عبدالعز چشتی، لوٹن کی مرکزی مسجد انتظامیہ کے صدر چوھدری شفاعت پوٹھی، کونسلر ریاض بٹ، ڈاکٹر طاہر لون، ڈاکٹر رضوان نوید بٹ، ڈاکٹر گل زمان بٹ، خواجہ عبدالباسط ایڈووکیٹ، ڈاکٹر سید محمود شاہ، پروفیسر سید عابد گیلانی، راجہ فضارت کیانی، محبوب خان چشتی، شاھد ندیم، یاسر مسعود چوھدری، چوہدری محمد غالب، عدنان چوھدری ودیگر احباب بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ بھی دیا گیا جس میں آزاد کشمیر سے بر طانیہ کے دورے پر آئے ہوئے اے ڈی ٹورازم ملک موسی اور کاروبای شخصیت فرحان اسلم اینڈ برادرز کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران پاکستان اور آزاد کشمیر کے حالات پر سیرحاصل گفتگو ہوئی اور شرکا نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سید منظورگیلانی نے اپنی کتاب سید حسین شہید، لارڈ قربان، میئرنسیم اور ملک صادق سبحانی کو پیش کی۔ واضح رہے کہ کتاب ’’میزان زیست‘‘ میں کشمیر کے حوالے سے مفصل معلومات موجود ہیں۔
سید حسین شہید سرور نے جسٹس سید منظور حسین گیلانی کی قومی خدمات کو سراہا اور کہاکہ وہ بڑے بڑے عہدوں پر رہنے کے باوجود انتہائی پرخلوص و ملنسار انسان ہیں۔ سید منظور گیلانی نے لوٹن میں مختلف مقامات کا دورہ کیا اور مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ خصوصاً انھوں نے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں نماز کے اجتماع کے دوران دعا کرائی اور لارڈ قربان کے والد محترم کی وفات پر ان سے تعزیت کا اظہارکیا۔












