شمالی کوریا نے کوریائی جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی جسمانی باقیات پچپن تابوتوں میں رکھ کر جمعہ ستائیس جولائی کو امریکا کو واپس کر دیں۔ ان جسمانی باقیات کو لے کر ایک خصوصی امریکی ہوائی جہاز شمالی کوریا سے واپس امریکا روانہ ہو گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے بھی امریکی فوجیوں کی یہ جسمانی باقیات وصول کر لینے کی تصدیق کر دی ہے۔
امریکی فوجیوں کی ان باقیات کی واپسی کا وعدہ شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن نے گزشتہ ماہ سنگاپور سمٹ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کیا تھا۔ شمالی کوریا سے ان باقیات کو لے جانے والے امریکی ہوائی جہاز کی روانگی کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں چیئرمین کم جونگ اُن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنا وعدہ پورا کر دیا۔












